• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیر سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، تیمور جھگڑا

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ پیر سے ملکی سطح پر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے، اُن کا کہنا تھا کہ ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ضروت ہے۔

پشاور میں سیکریٹری صحت کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 68 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سیکریٹری صحت  کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم 5 روز تک جاری رہے گی۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ شہید خواتین ورکرز کے خاندانوں کو 44، 44 لاکھ روپے ادا کئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ 3 سال تک پولیو کے کیسز کو صفر پر لانا پولیو کے خاتمہ کا ثبوت ہے، ویکسین کے خلاف پروپیگنڈے کے خاتمے کی ضروت ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے انتہائی محفوظ ہیں، کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے بھرپور تیاری کررکھی ہے، صحت انصاف کارڈ صوبے کے ہر فرد کو دیں گے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ میرے پاس کوئی سفارش لے کر نہ آئے، محکمہ صحت میں غیرمتعلقہ وزرا کے نوٹیفکیشنز واپس لئے جاچکے ہیں۔

صوبائی سیکرٹری صحت نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے مکمل تیاری کی گئی ہے، 23 افراد کو سیلف آئسولیشن پر ڈالا ہے، ابھی تک 7 افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لئے بھجوائے ہیں، پانچ کے ٹیسٹ کلیئر ہیں باقی کی رپورٹ نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پاکستان میں نہیں ہے، ہمارے ملک میں کورونا وائرس چین سے داخل ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ پانچ انٹری پوائنٹس ہیں جہاں سے کورونا وائرس آنے کا خدشہ ہے، 4 سے زائد اسپتالوں میں آئسولیشن رومز قائم کئے گئے ہیں۔

تازہ ترین