• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جن کمیٹیوں سے نکالا گیا، ان میں واپسی کی دلچسپی نہیں، جہانگیر ترین

جن کمیٹیوں سے نکالا گیا، ان میں واپسی کی دلچسپی نہیں، جہانگیر ترین


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینئر رہنما جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے انہیں حکومت کی جن کمیٹیوں سے نکالا گیا ہے ان میں واپس جانے کی کوئی دلچسپی نہیں ہے، جبکہ کمیٹی میں کس کو رکھنا اور نکالنا ہے یہ وزیر اعظم کی صوابدید پر ہے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ میں اور پرویز خٹک اتحادی جماعتوں سے مسلسل رابطے میں تھے۔

جیو نیو ز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ جس وقت چینی کی قیمت 53 روپےکلو تھی، گنے کی قیمت کم تھی، ہم نے پہلا کام یہ کیا کہ سیلز ٹیکس کا استثنیٰ ختم کیا اور گنے کے کاشتکاروں کو بہتر قیمت بھی دی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ گنےکی قیمت بڑھنے اور سیلز ٹیکس سے چینی مہنگی ہوئی، جبکہ اگر کارٹیل ہوتا تو گنے کی قیمت پر بھی اثرانداز ہوتا، کارٹیل گنے کی قیمت کنٹرول نہیں کرسکتا تو چینی کی قیمت کیسے کنٹرول کرےگا۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی بڑھتی قیمت کا فائدہ زمیندار کومل رہا ہے، چینی پر ساڑھے تین روپے ٹیکس لگایا گیا اور جولائی 2019 سے جنوری 2020 تک چینی کی مد میں سیلز ٹیکس زیادہ آیا جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 16ارب روپے جمع ہوئے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ چینی کے کارٹیل کا کوئی ثبوت نہیں، آٹے کا ہے، جبکہ چینی کی قیمتوں پر وزیر اعظم نے مجھے ٹی وی پر بات کرنے کا کہا، مگر میرا گندم کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ غیر متوقع موسم کی وجہ سے ٹماٹر اور پیاز سمیت سبزیوں کی قلت ہوئی، قلت کی وجہ سے ہی سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

تازہ ترین