• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا

قومی اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا


قومی اسمبلی کا اجلاس مہنگائی پر جاری بحث کے دوران مسلسل تیسرے روز بھی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔

اجلاس کے دوران حکومتی رکن عالیہ حمزہ نے ایک برطانوی اخبار کی مسٹر ٹین پرسنٹ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو چیلنج دیا کہ کیا وہ اس اخبار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی شروع کردی۔

سابق وزیراعظم اور پی پی پی رہنما راجا پرویزاشرف نے ماحول سازگار رکھنے پر بات کی اور ساتھ ہی تنقید بھی کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ یہاں گالیاں دیتے ہیں، عوام کو کھڈے میں گرا رہے ہیں، جھوٹے دلاسے دیتے ہیں، ووٹر کہہ رہا ہے کہ اب دعا کریں میری آس ٹوٹ جائے، یہاں آگئے ہیں تو کچھ سیکھیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن عالیہ حمزہ بولیں آپ میٹھے انداز میں حملے کریں اور ہم خاموش رہیں ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کا مسٹر ٹین پرسنٹ سے متعلق خبر کا حوالہ دے دیا تو ایوان میں شور مچ گیا۔

عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ آپ اس ڈیلی میل کی خبر پر مقدمہ کریں گے؟ آپ ہم پر آکر حملہ کریں اور ہم خاموش رہیں یہ میں نہیں کہہ رہی یہ برطانیہ کے اخبار نے لکھا تھا۔

پیپلز پارٹی کے اراکین نے شور شرابا کیا تو پینل آف چیئر امجد نیازی خاموش کروانے کی اپنی سی کوشش کرتے رہے۔

راجا پرویز اشرف بولے ہم نےماحول کو خراب نہیں ہونے دیا، حکومتی رکن ماحول خراب کر رہے ہیں۔

دریں اثنا شگفتہ جمانی نے کورم کی نشاندہی کردی جو گنتی پر پورا نہ نکلا جس کے بعد اجلاس جمعہ کی سہ پہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

تازہ ترین