اسلام آباد (ایجنسیاں) اداکارہ سجل علی کی لال دوپٹہ اور گجرے پہنے تصویر کو سوشل میڈیا پر بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔اداکارہ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی یہ تصویر شیئر کی ہے جس سے صارفین ان کی اداکار احد رضا میر سے جلد شادی کا تاثر لے رہے ہیں ۔علاوہ ازیں اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ 2011ء میں اپنے بہن صبور علی کے ہمراہ کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور ہمیں ٹی وی پر کام کرتے ہوئے 9سال مکمل ہو چکے ہیں،شہرت نے میرا دماغ خراب نہیں کیا بلکہ اس حوالے سے اپنی والدہ کی نصیحت پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں بے پناہ شہرت ملی ہے لیکن اس نے میرے دماغ کو خراب نہیں کیا، مجھے میری والدہ کی نصیحت آج بھی یاد ہے کہ انسان جتنا مرضی بلندی پر پہنچ جائے اسے واپس زمین پر ہی آنا ہوتا ہے اور میں نے اپنی والدہ کی نصیحت اپنے پلے سے باندھ کر رکھی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سجل علی نے کہا کہ میرے پرستار شادی کے حوالے سے جلد خوشخبری سنیں گے ۔یاد رہے کہ اداکار احد رضا میر نے ایک انٹر ویو کے دوران رواں سال شادی کرنے کاعندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور سجل علی کچھ پروجیکٹس میں مصروف ہیں جس کے بعد وہ مارچ میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔