• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑک پار کرتے موبائل کے استعمال سے سالانہ 2لاکھ ہلاکتیں

لندن ( جنگ نیوز/آئی این پی) موبائل فون کے صحت پر مضر اثرات اور اس سے لاحق ہونے والی بیماریوں کے حوالے سے متعدد مطالعاتی تحقیقات ہو چکی ہیں البتہ اب ماہرین نے نئی ریسرچ کے ایسے نتائج جاری کیے جن میں موبائل کی وجہ سے بڑھتی اموات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ برطانیہ میں ہونے والی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا کہ دنیا بھر میں سڑک پار کرتے وقت سمارٹ فون استعمال کرنے کی وجہ سے سالانہ لاکھوں ٹریفک حادثات ہوتے ہیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک و زخمی ہوتے ہیں ۔برطانوی تحقیقی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ موبائل میں مگن ہو کر سڑک پار کرنے کے کی وجہ سے ہر سال 2 لاکھ 70 ہزار افراد ٹریفک حادثوں میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔ برطانوی میگزین انجری پریوینشن میں ریسرچ کے شائع ہونے والے نتائج کے مطابق دنیا بھر میں سڑک پار کرتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے والے افراد کے حادثات میں ہر سال لاکھوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں ۔ ریسرچ میں بتایا گیا ہے کہ سڑک عبور کرتے وقت موبائل کا لوگوں کی توجہ سڑک سے ہٹا دیتا ہے اور پھر صارف دائیں بائیں نہیں دیکھتا اور اپنی گفتگو میں مگن رہتا ہے ۔ یہ لاپروائی خطرناک اور مہلک حادثات کا سبب بنتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ موسیقی سننے یا فون پر بات کرنے کے مقابلے میں سڑک پار کرتے وقت میسجنگ کرنا سب سے زیادہ خطرناک ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پیدل چلتے ہوئے سمارٹ فون یا دیگر ڈیجیٹل آلات کے استعمال سے انسان کا دھیان سڑک سے ہٹ جاتا ہے اور اب یہ صورت حال ایک سیفٹی ایشو بن گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ’موبائل فون پر سوشل میڈیا، موبائل ایپس، ویڈیوز اور میوزک سننا ہماری زندگی کا حصہ ضرور بن گیا مگر ہمیں لوگوں کو اس کےخطرات کے بارے میں آگاہی دینا ہو گی تاکہ مستقبل میں کسی بھی سانحے اور بلا وجہ اموات سے محفوظ رہا جا سکے ۔
تازہ ترین