• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وارڈروب کی بہتر انداز میں ترتیب منیملسٹ لائف اسٹائل کو عملی جامہ پہنانے والے بنیادی نکات میں سے ایک ہے۔ اس حوالے سے کئی عوامل زیر غور آتے ہیں مثلاً ڈی کلٹرنگ ،آرگنائزنگ،تعداد کے بجائے معیار پر توجہ، پسند کی چیزوں کا انتخاب اور استعمال، ضرورت سے زیادہ اور غیر ضروری اشیا کی خریداری میں کمی یا جو اشیا آپ کے پاس موجود ہیں ان کی قدر وقیمت کا اعتراف وغیرہ۔ انٹیریئر ماہرین وارڈروب کی تیاری اور ترتیب کو ملین ڈالر سوال تسلیم کرتے ہیں۔ تو آئیے آج کی تحریر میں جانتے ہیں کہ ایک عمدہ وارڈروب کی تشکیل کیسے کی جائے۔

وارڈروب کا فنکشنل ہونا: آپ کا لائف اسٹائل چاہے جو بھی ہو ایک بہترین وارڈروب وہی کہلاتی ہے جس میں موسم اور فیشن کی مناسبت سے وہ تمام چیزیں موجود ہوں جو آپ پہننا چاہتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر وارڈروب میں صرف ایک ہی اسٹائل کے کپڑے ہوں گے تو یقیناًیہ قطعی کارآمد نہیں کہلائے گی۔

اشیا کا ورسٹائل ہونا:آپ انفرادی اشیا کوایک سے زائد طریقوں سے استعمال کرتے ہوئے آؤٹ فٹ اسٹائل کا حصہ بنا سکتے ہیں کیونکہ تمام چیزیں ایک ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔ لہٰذا اپنی وارڈروب میں تمام ضروری اشیا کو ترتیب سے رکھیں۔

شخصیت کا آئینہ دار: کہتے ہیں کہ انسان کا لباس اس کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے اور لباس کو منظم طریقے سے رکھنے کے لیے وارڈروب ہی سب سے بہتر جگہ ہوتی ہے۔ آؤٹ فٹ کے لیے رنگوں کا انتخاب آپ کی شخصیت اور جمالیاتی ذوق کا مظہر ہوتا ہے۔ برٹش انٹیریئر ڈیزائنر کے مطابق آؤٹ فٹ کے لیے ان کا انتخاب سادہ (Simple)لیکن کچھ ٹوئسٹ کے ساتھ ہوتا ہے، اس ٹوئسٹ کے لیے ڈیزائنر چند ایک رنگوں (گرے، بلیک، ڈسٹ پنک اور نیوی بلیو) کا ہی انتخاب کرتے ہیں۔

معیاری: آؤٹ فٹ سلیکشن کےلیے کوالٹی پر کمپرومائز کبھی بھی نہ کریں کیونکہ یہی کوالٹی آپ کی وارڈروب کو آنے والے 3سے5سال کے لیےتیار کرتی ہے۔

ضروری مشورے

وارڈروب کی ترتیب کے حوالے سے کچھ ضروری مشورے ذیل میں دیے جارہے ہیں۔

انتخاب:آپ کی وارڈروب ایسے کپڑوں اور ایسیسریز سے بھری ہونی چاہیے جنہیں آپ محض ایک یا دو نہیں بلکہ 100فیصد پسند کریں۔ مقصد یہ کہ کپڑوں یا فیشن ایسیسریز سے بھری الماری ایسی ہونی چاہیے جسے کھولتے ہی آپ پُرجوش ہوجائیں، جو آپ سمیت کسی کو بھی متاثر کرسکے۔یاد رکھیں آپ کی وارڈروب میں موجود ایک ایک چیز آپ کی پسند نا پسند کے اظہار کا ذریعہ ہوتی ہے، لہٰذا اسے اپنے معیار کے مطابق مرتب کریں ۔

تعداد کے بجائے معیار: زیادہ کپڑوں کی خریداری کے چکر میں کبھی بھی معیار پر سمجھوتا نہ کیجیے، ہمیشہ ایسے کپڑوں یا ایسیسریز کا انتخاب کیجیے جو معیاری ہوں، تاکہ ایک دو سیزن کے مقابلے میں وہ زیادہ عرصہ چل سکیں۔ 

اگر آپ غیر معیاری چیزوں کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ آپ کی شخصیت پر نہیں جچیں گی اور تو اور کچھ عرصہ بعد ہی آپ اسے ترک کردینے کے حق میں ہوں گے۔ اس حوالے سے فیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک برانڈڈ سویٹر پانچ غیر معیاری سویٹرز سے بہتر ہے ۔ چنانچہ وارڈروب میں کوئی بھی نیا اضافہ خاصا محتاط رہ کر کیجیے۔

اسٹائل کی وضاحت: وارڈروب کے حوالے سے بنیادی باتیں جان لینے کے بعد یہ بھی فیصلہ کرنا ضروری ہے کہ آپ اپنے لیے کیسی وارڈروب چاہتے ہیں؟ اپنے لائف اسٹائل سے متعلق وہ خاص نکات مثلاًآپ کے پسندیدہ رنگ، تقریبات کے لیے مختلف آؤٹ فٹ اور وہ صفات لکھیں جنہیں آپ اپنے لباس کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن فیشن کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے وہ پہنیں جس میں آپ خود کو آرام دہ (Comfortable) محسوس کرسکیں۔

ڈی کلٹرنگ : وارڈروب ڈی کلٹرنگ کے لیے آپ کو کچھ سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ آغاز میں ہوسکتا ہے کہ آپ کو کچھ خریداری کرنی یا پھر اپنی خریدی ہوئی چیزوں میں تقسیم کرنی پڑجائے۔ لہٰذا ہرکچھ عرصے بعد کپڑوں کی جانچ کرتے رہیں اور وہ کپڑے جو غیرضروری ہیں یا پھر جنہیں آپ استعمال نہیں کرتے یا وہ رنگ، ساخت یا آؤٹ فٹ کی سلائی کے سبب آپ پر سوٹ نہ کرتے ہوں، ان سب کو اپنی وارڈروب سے نکال دیں کیونکہ اکثر الماریاں غیر استعمال شدہ کپڑوں کی بھرمار کی وجہ سے بکھری اور بےترتیب محسوس ہوتی ہیں۔

منظم کریں : ماہرین کے مطابق بکھری ہوئی وارڈروب کامطلب ہے ایک بکھرا اور پریشان دماغ۔ وارڈروب میں اوپر تک ٹھنسے ہوئے کپڑوں سے زیادہ مایوس کن کچھ نہیں ہوتا کیونکہ یہ آپ کے سلیقہ پر ایک بدنما داغ ثابت ہوسکتا ہے۔ ایک غیر منظم وارڈروب آپ کے کمرے کی وضع قطع بگاڑ سکتی ہے اور جو چیز کمرے کی سجاوٹ و آرائش پر اثر انداز ہو، وہ بھلا کسی کو کیسے پسند ہوسکتی ہے۔ 

چنانچہ ان آسان تجاویز پر بات کرتے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنی وارڈروب کو نفیس اورمنظم کرسکتے ہیں۔ وارڈروب کی ترتیب کے لیےدفتر اور روزمرہ معمولات میں پہنے جانےوالے ملبوسات کا جائزہ لیں، ساتھ ہی ہر موقع پر پہنے جانے والے ملبوسات کی ایک فہرست ترتیب دیں، پھر تمام ملبوسات کو کیٹیگریزمیں تقسیم کریں، اس طرح آپ کم وقت میں ایک عمدہ وارڈروب بآسانی آرگنائز کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین