• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلموں اور ڈراموں کے نامور فنکار یاسر نواز نے سپر ہٹ فلم رانگ نمبر 2 کی کامیابی کے باوجود ڈائرکشن چھوڑ کر کلفٹن میں کھانے کا ریسٹورنٹ کھول لیا۔

جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے باصلاحیت ڈائریکٹر اور منجھے ہوئے اداکار یاسر نواز نے بتایا کہ میں نے ڈراموں کی ڈائرکشن مکمل طور پر چھوڑ دی ہے۔البتہ سال میں ایک فلم ضرور کروں گا۔

یہ بھی دیکھئے : ’رانگ نمبر 2‘ کا کھڑکی توڑ بزنس


انہوں نے بتایا کہ ٹیلی ویژن ڈراموں کی ڈائرکشن میں وقت بہت ضائع ہوتا ہے، ایک ہزار سے زیادہ سین شوٹ کرنے ہوتے ہیں، اتنا کام کرکے میں تھک جاتا ہوں، اسی لیے میں نے ڈائرکشن چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، اب میری ساری توجہ ریسٹورنٹ اور اداکاری پر مرکوز ہوگی ۔

یاسر ناز نے کہا کہ میری پہچان بھی ایکٹنگ ہی ہے، اداکاری کی خاطر اپنا وزن حیرت انگیز طور پر کم کیا ہے، خود کو اسمارٹ بنانے میں لگا ہوا ہوں۔

یاسر نواز نے بتایا کہ سال میں ایک فلم ضرور کروں گا، میری نئی فلم ایورریڈی پکچرز کے ساتھ کررہا ہوں، ابھی کاسٹ فائنل نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہیروئن ماورا حسین ہوگی، ہیرو کا نام ابھی نہیں بتاؤں گا ، مجھے دانش تیمور جیسا ماڈل ہیرو نہیں چاہیے۔فلم کی کہانی کا پیرو ایسا ہوگا کہ آپ سب فلموں کو بھول جائیں گے ۔

یاسر نواز نے انکشاف کیا کہ ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کی ڈائریکشن کی ندیم بیگ سے پہلے مجھے پیش کش ہوئی تھی، میں نے اسکرپٹ مکمل نہ ہونے پر منع کردیا تھا، مجھے صرف 10 اقساط کا اسکرپٹ دکھایا گیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خلیل الرحمٰن قمر پر اسکرپٹ مکمل کرنے کی شرط لگادی تھی۔

ایک اور سوال کے جواب میں یاسر نواز نے بتایا کہ پروڈیوسر حسن ضیاء سے ہم الگ ہو گئے ہیں، ان سے دوستی ختم ہونے پر کوئی ملال نہیں، وہ اپنا کام کریں، ہم اپنا کام کررہے ہیں، دوستی کام کی وجہ سے تھی وہ اپنی فلم بنارہے ہیں۔

یاسر نواز کا مزید کہنا تھاکہ میں نے کبھی اپنے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا ، اداکاری سے بور ہوا تو پھر سے ڈائریکشن شروع کر دوں گا، مجھے دل موم کا دیا میں اداکاری کرکے بہت اچھا لگا۔

بچپن سے اچھے اچھے کھانے کا شوق تھا، اس لیے ریسٹورنٹ کھول لیا، میرے پارٹنر بھی اداکار ہیں، ان کا نام کنور ارسلان ہے۔

تازہ ترین