• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ: ٹیموں نے باقاعدہ تیاریاں شروع کردیں

پاکستان سپر لیگ: ٹیموں نے باقاعدہ تیاریاں شروع کردیں


پاکستان سپر لیگ فائیو کیلئے ٹیموں نے باقاعدہ تیاریاں شروع کر دیں۔ پشاور زلمی نے کراچی میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔ ڈیرن سیمی بھی ایکشن میں دکھائی دیئے جبکہ ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں نے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جم کے ٹریننگ کی۔

پاکستان سپر لیگ فائیو کی تیاریوں کے لیے ٹیم زلمی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یکجا ہوئی، ڈیرن سیمی کے ساتھ ساتھ شعیب ملک، وہاب ریاض، کامران اکمل، حسن علی، عمر امین، امام الحق، راحت علی اور دیگر کھلاڑیوں نے پریکٹس میں شرکت کی۔

کرکٹرز نے وارم اپ کے بعد فٹبال کھیلی اور پھر دو گھنٹے نیٹس پر پریکٹس کی۔

دوسری جانب لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ملتان سلطانز نے پریکٹس سیشن کیا، جہاں ہیڈ کوچ اینڈی فلاور، مشتاق احمد اور اظہر محمود کی نگرانی میں ٹیم میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں نے دو گھنٹے کے سیشن میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔

کپتان شان مسعود، محمد عرفان، جنید خان، علی شفیق، محمد الیاس، عثمان قادر، روحیل نذیر، بلاول بھٹی، ذیشان اشرف اور خوش دل شاہ بھی ٹریننگ کا حصہ بنے۔

20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والےٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

پشاور زلمی اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 کراچی جبکہ ایک، ایک میچ لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔

ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ ایک، ایک میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔

تازہ ترین