• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ کے ارکان ٹوری انتخابی وعدوں کو پورا کرنے پر توجہ دیں، بورس جانسن

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کابینہ میں رد وبدل کے بعد جمعہ کو پہلے اجلاس میں نئی کابینہ پر زور دیا کہ وہ ٹوری انتخابی وعدوں کو پورا کرنے پر توجہ دیں۔ ڈاؤننگ سٹریٹ میں کابینہ کی نئی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں عوام کی زندگی کو بہتر بنانے اور مواقع فراہم کرنے کا بنیادی کام کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے نئے ارکان سمیت پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کی تھی جبکہ چانسلر ساجد جاوید اور اٹارنی جنرل نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بورس جانسن نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمیں انتخابات میں بھاری تعداد میں ووٹ دیئے تھے، ہمیں ان کے اعتماد پر پورا اترنا ہے۔ وہ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ ڈائوننگ سٹریٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور چانسلر کے اکنامک ایڈوائزرز کی جوائنٹ ٹیم کام کرے گی۔ کابینہ کے پہلے اجلاس میں نیا پوائنٹس بیسڈ امیگریشن سسٹم یکم جنوری 2021 سے متعارف کروانے پر اتفاق کیا گیا جب بریگزٹ ٹرانزیشن پیریڈ ختم ہو جائے گا۔ 10 ڈائوننگ سٹریٹ کے ترجمان نے کہا کہ اس نئے سسٹم کی وجہ سے برطانیہ کا براعظم سے سستی غیر سکلڈ لیبر پر انحصار ختم ہو جائے گا اور اس سے مجموعی طور پر امیگریشن میں بھی کمی واقع ہوگی۔ نئے چانسلر رشی سونک ٹریژری میں ساجد جاوید کے ڈپٹی کے طور پر کام کر چکے ہیں اور اپنی غیر متوقع ترقی کے بعد انہوں نے ڈپارٹمنٹ میں سٹاف سے خطاب کیا۔ ساجد جاوید کو 11 مارچ کو بجٹ پیش کرنا تھا تاہم ڈائوننگ سٹریٹ کے ترجمان نے یہ تصدیق نہیں کی کہ بجٹ پلان کے مطابق پیش کیا جائے گا، تاہم انہو ں نے کہا کہ بجٹ کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں اور وہ اسی زور وشور سے جاری ہیں۔ اس بارے میں بھی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ڈپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کو بند کیا جا سکتا ہے لیکن وہ ابھی اوپن ہے، تاہم ظاہر ہوتا ہے کہ نمبر 10 نے اس کی منسٹریل ٹیم کو فارن آفس میں ضم کر دیا ہے۔

تازہ ترین