• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک سال بعد خلاباز کی اپنے کُتے سے ملاقات


امریکی خلا باز کرسٹینا کوچ اپنے 328 روزہ مشن کے بعد گھر واپس آئیں تو اُن کا پالتو کُتا اُن کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

امریکی خلاباز کرسٹینا کوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا پالتو کُتا ایک سال بعد اپنی مالکن کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھتا ہے۔

خلاباز کرسٹینا کوچ کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اُن کا پالتو کُتا دروازے کے شیشے میں سے کھڑا ہوکر دور سے آتی اپنی مالکن کو دیکھ رہا ہے اور جیسے ہی کرسٹینا کوچ اپنے گھر کا دروازہ کھول کر گھر میں داخل ہوتی ہے تو اُن کا کُتا اُن کے لِپٹ جاتا ہے اور پھر اپنی مالکن کو پیار کرتے ہوئے اُن کو سلام کرتا ہے۔

ایک سال بعد اپنی مالکن کو دیکھ کر ناصرف کُتا خوش ہوگیا تھا بلکہ کرسٹینا کوچ بھی اپنے پالتو کُتے سے ایک سال بعد مل کر بہت زیادہ خوش ہوگئی تھیں۔

کرسٹینا کوچ نے اپنی اِس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کون زیادہ پُر جوش ہے میں یا پھر میرا پالتو کُتا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ایک سال بعد بھی اِس کو میں یاد ہوں۔‘

کرسٹینا کوچ اپنے 328 روزہ بین الاقوامی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد 6 فروری کو قازقستان پہنچی اور یہ مشن مکمل کرکے اُنہوں نے خلا میں طویل قیام کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

واضح رہے کہ کرسٹینا کوچ ایک انجیئر ہیں جو کہ 2013 میں ناسا کے خلاباز کور میں شامل ہوئیں اور اُنہوں نے 2019 میں پہلی بار خواتین کے اسپیس واک کی بھی قیادت کی تھی۔

تازہ ترین