• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


عالمی شہرت یافتہ فن کار اور لکھاری انور مقصود کا کہنا ہے کہ ابھی نیا ناظم آباد نہیں بنا تو نیا پاکستان کیسے بنے گا۔ جہانگیر ترین نے چینی مہنگی ترین کردی ہے۔

انور مقصود نے کہا کہ میری عمر 80 برس ہوگئی۔ میں 60 سال سے لکھ رہا ہوں آج بھی میرے پاس کوئی اسمارٹ فون نہیں ہے سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے جو کچھ ہوتا ہے۔ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ، جبکہ میرا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔ مجھے فیس بک واٹس ایپ کا کچھ معلوم نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا، ایک سوال کے جواب میں جرات مند اور بہادر لکھاری انور مقصود نے بتایا کہ میں نے ساری زندگی عوام کے لیے لکھا ہے۔ اور لوگ بھی مجھ سے ٹوٹ کر پیار کرنے ہیں۔

انور مقصود نے کہا کہ پچھلے دنوں ایک ڈراما بہت مقبول ہوا میں نے بھی وہ ڈراما دیکھا۔ اس ڈرامے میں تہذیب سے گرے ہوئے مکالمے لکھے گئے۔ مجھے اس ڈرامے میں یہ دیکھ کر بہت ملال ہوا کہ چھوٹا سا بچہ کس طرح کی گفتگو کر رہا ہے۔

کئی برس سے شوبز پر راج کرنے والے انور مقصود نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ 80 برس کی زندگی میں پہلی بار اتنی مہنگائی دیکھی ہے جبکہ میں نے کل یہ بھی دیکھا کہ ایک بچہ فروٹ کے ٹھیلے والے سے ایک کینو اور کیلا خرید رہا ہے، اس کے ساتھ والدین بھی موجود ہیں۔ میری آنکھیں نم ہوگئیں۔ سب دعا کریں کہ ہمارے ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ہو۔

انور مقصود کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان ایمان دار آدمی ہیں۔ 72 سال میں پہلی بار کوئی وزیراعظم ایمان دار سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اچھے انسان دانتوں کے ڈاکٹر ہیں۔ دانتوں کا ڈاکٹر بے ایمان نہیں ہوسکتا اور اسلام آباد میں منہ کھولنا منع ہے۔

تازہ ترین