کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں اعزاز کا دفاع کرنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن سے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ جس طرح کی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں، ویسا ہی کھیلیں گے، پی ایس ایل فائیو میں ساری ٹیمیں اچھی ہیں، سخت مقابلہ ہوگا ، امید ہے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ اس بار ہماری ٹریولنگ زیادہ ہے۔ نسیم شاہ کا ری ہیب پراسس چل رہا ہے، جیسے ہی مکمل فٹ ہوگا ، کھیلے گا۔ قبل ازیں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےاعزاز میں نیا ناظم آباد میں چیئرمین عارف حبیب کی جانب سے سینڈ آف تقریب کا اہتمام کیا گیا۔مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے۔ عارف حبیب نے کہا کہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کوکو پی ایس ایل فائیو میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ کوئٹہ کے کھلاڑی جیسن رائے نے ایک پیغام میں کہا کہ پانچویں ایڈیشن کیلئے پرجوش ہوں۔