• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفاد پرستوں نے سیاست کو بد نام کر دیا،جمعیت نظریاتی

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت نظریاتی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید عبدالستار چشتی نے کہا ہے کہ جمہوریت کوزیر کرنے کی کوشش ہورہی ہے، اسٹبلشمنٹ نہیں چاہتی کہ آئین کی حکمرانی ہو، آئین اورعوامی طاقت کو تسلیم کرنے کی بجائے کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملک میں ہمیشہ جمہوری عمل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ مفاد پرستوں نے سیاست جمہوریت کو اپنے رویوں کی وجہ سے بد نام کیا ، دوغلی سیاست کی وجہ سے عوام کااعتماداٹھ رہا ہے، قوم مایوس ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ 72سال سے ملک میں مفلوج نظام چل رہا ہے، سیاسی جماعتوں نے مفادات کی خاطر اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت پر چپ کا روزہ رکھ لیا ہے، ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کے خلاف سازشوں کا سدباب تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے، آئین کی بالادستی کیلئے تمام جماعتوں کوکردار اداکرناہوگا۔ آئین کی بالادستی سےملکی اورقومی مسائل حل ہوسکتے ہیں، آئین کوذاتی مفادات کے تابع بنانے کی بجائے قومی مفاد کاسوچنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی ہٹ دھرمی نے نئی اسٹیبلشمنٹ کے لیے رائیں کھول دی ہیں۔
تازہ ترین