• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بندرگاہ، لنگر انداز جہازوں سے گیس خارج نہیں ہوئی، چیئرمین کے پی ٹی

بندرگاہ، لنگر انداز جہازوں سے گیس خارج نہیں ہوئی، چیئرمین کے پی ٹی


چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) جمیل اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی بندرگاہ اور لنگر انداز جہازوں سے گیس کا کوئی اخراج نہیں ہوا ہے۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران چیئرمین کے پی ٹی نے بتایا کہ تمام ٹرمینل اور برتھیں چیک کر لیں، کہیں سے گیس لیکیج کے شواہد نہیں ملے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی ٹیم نے سیمپل لے لیے ہیں، ابتدائی رپورٹ جلد سامنے آجائے گی۔

گزشتہ رات کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار گیس کے اخراج سے ہلاکتیں سامنے آئی تھیں۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔

ایس ایس پی سٹی کراچی مقدس حیدر کے مطابق یہ گیس کہاں سے آئی، اس بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق رات 8 بجے اچانک کیماڑی کے مختلف مقامات سے گیس کی بو پھیلنا شروع ہوئی، جس سے شہری متاثر ہونا شروع ہوئے۔

محکمہ صحت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ خواتین اور بچوں سمیت 130 افراد مبینہ زہریلی گیس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوچکی ہے۔

پورٹ حکام کے مطابق کراچی بندرگاہ پر جہازوں کی آمد ورفت شروع کردی گئی ہے۔

پورٹ حکام کے مطابق آج صبح 3 جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہوئے جبکہ جہازوں کی روانگی بھی شیڈول پر آگئی ہے۔

کیماری کی فضا میں پھیلی زہریلی گیس کے حوالے سے کوئی حکومتی ادارہ اب تک پتہ نہیں چلاسکا ہے۔

تازہ ترین