• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدم سنجیدگی کی وجہ سے ہم صرف ڈگری یافتہ افراد پیدا کررہے ہیں، قادر نائل

کوئٹہ(آن لائن ) ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات وصوبائی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قادر علی نائل،سماجی ادارہ نیمسو آرگنائزیشن کے صدر عبدالعلی ہزارہ نے تعلیم کے فروغ اور یکساں تعلیم کی فراہمی کو تمام طبقات کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت اور محکمہ تعلیم کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے جس کی طرف آ ج تک کسی نے سنجیدگی سے توجہ نہیں دی، اسی وجہ سے آج ہم صرف ڈگری یافتہ پیدا کررہے ہیں، جبکہ حقیقی تعلیم حاصل کرنے والا طبقہ اب بھی کم تعداد میں موجودہے اور یہ وہ طبقہ ہے کہ جس نے نظام تعلیم سے ہٹ کر ذاتی محنت اور کوششوں کی بروقت کامیابیاں حاصل کی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز نیمسو ا ٓرگنائزیشن کے زیر اہتمام ہزارہ ٹائون علی آباد کے ایک ہال میں شہداء کے بچوں کے درمیان تعلیمی وظیفہ 2020کی تقسیم کے دوران تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیمسو آرگنائزیشن نے 2012سے شہداء کے بچوں کی تعلیمی کفالت کی ذمہ داری اٹھائی اور ضروری خیال کیا کہ جن بچوں کے سرپرست کسی دہشتگردی یا ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں ہم سے جدا ہوئے ان کے بچوں کا بنیادی حق بنتا ہے کہ انہیں بھی معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل ہو اسی دور سے ادارے نے شہداء کے بچوں کی کفالت مخیر حضرات کے تعاون سے شروع کیا جواب تک جاری ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ زندہ معاشروں میں صاحب حیثیت افراد معاشرے کی ترقی وخوشحالی کیلئے جامع پروگرام کے ذریعے لوگوں کو ہنر سے لیس کر کے انہیں روزی کمانے کی طرف مائل کرتے ہیں نیمسو آرگنائزیشن خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے سلائی کڑھائی کے ذریعے انہیں کود کفیل بنا رہی ہے اس سلسلے میں بھی ادارے نے کامیابی حاصل کرلی ہے اور اب تک سینکڑوں خواتین ہنر مند بن کر با عزت روزگارکے ذریعے اپنے خاندان کی کفالت کے سلسلے میں کردارادا کررہی ہیں اس دوران شہداء کے بچوں میں وظائف تقسیم کئے گئے اور ان کی امداد جاری رکھنے کے عزم کااظہار کیا گیا۔
تازہ ترین