• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیماڑی: زہریلی گیس نے 14 افراد کی جان لے لی

کیماڑی: زہریلی گیس نے 14 افراد کی جان لے لی


کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے پہلے دن ہونے والی 6 اموات میں دوسرے دن مزید 8 ہلاکتوں کا اضافہ ہوگیا، یوں 48 گھنٹوں میں اموات کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق زہریلی گیس کے باعث ضیا الدین اسپتال میں 9، سول اسپتال اور کتیانہ میں 2،2 جبکہ برہانی میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

زہریلی گیس سے حالت بگڑنے سے اسپتال پہنچنے والے مریضوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ہے۔

کیماڑی ریلوے کالونی اور جیکسن کے بعد مزید علاقوں میں بھی گیس کے اثرات ہیں جبکہ کلفٹن، ڈیفنس، باتھ آئی لینڈ کے بیشتر اسکولوں نے چھٹی کردی ہے۔

48 گھنٹوں سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود اب تک کوئی سرکاری ادارہ گیس کے پھیلاؤ کی وجوہات معلوم نہ کرسکا۔

کیماڑی آئل ٹرمینل پر موجود عملے کے 2 افراد کی طبیعت بھی خراب ہوگئی، جس کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیز نے تیل کی سپلائی روک دی ہے۔

گیس اخراج سے جانی نقصان ہونے پر کیماڑی کے مکینوں نے احتجاج کیا ہے۔

دوسری جانب گیس سے ہونے والے جانی نقصان اور شہریوں کے متاثر ہونے کے معاملے کی چھان بین کے لیے 2 لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے جبکہ کیمیکل ایگزامینر کی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے 16 سیمپل حاصل کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین