• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زہریلی گیس کے حوالے سے تحقیقات،حقائق سے آگاہ کیا جائے،حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے کی وجہ سے متعدد افراد کی اموات پر گہرے دکھ، افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر بحری امور تمام تر صورتحال سے آگاہ کریں اگر اس معاملے کا کے پی ٹی سے تعلق نہیں ہے تو بھی ان ہی کی ذمہ داری ہے وہ اس کی تحقیقات کرائیں اور حقائق سے عوام کو آگاہ کریں۔ یہ مکمل طور پر نااہلی ہے کہ 48گھنٹے گزرنے کے باوجود اب تک زہریلی گیس پھیلنے کی وجہ اور جگہ تلاش نہیں کرسکے اور نہ ہی علاقہ مکینوں کے تحفظ کا کوئی انتظام کیا جاسکا ہے۔انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ بجائے وفاقی و صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرتے اور زہریلی گیس پھیلنے کے اسباب کا پتا لگاتے لیکن وہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور صرف پوائنٹ اسکورنگ میں لگے ہوئے ہیں،زہریلی گیس کے اثرات دوبارہ بھی محسوس کیے گئے ہیں اور متاثرہ علاقے ہی نہیں بلکہ ان سے متصل علاقوں کے عوام کے اندر بھی بے چینی اور اضطراب پیدا ہورہا ہے۔ حافظ نعیم نے کہاکہ وفاقی وزارت بحری امور اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ زہریلی گیس پھیلنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو سنگین ہونے اور کسی بڑے سانحے کی شکل اختیار کرنے سے روکیں، متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد اور متاثرین کے مفت علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین