ملتان(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر عمران رشید سلہری نے کہا ہے کہ ملتان بار نے نامور وکلاء پیدا کیے جنہوں نے نہ صرف ملتان بلکہ ملک بھر میں نام کمایا ہے۔ بار کے نامور سپوت ججز کے عہدوں پر فائز ہوئے۔ جج مقرر ہونے کے بعد اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان سے متعلق ایک رائے تھی کہ انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، وکلاء پر امید ہیں کہ فاضل جسٹس چیف جسٹس مقرر ہوکر ضلع کچہری کی توسیع کا حکم دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کچہری میں عدالتوں کی کمی، نوجوان وکلاء کے لیے چیمبر کی عدم دستیابی اہم مسئلہ ہے، بار روم میں بھی جگہ کم ہے، بار کی خواہش ہے کہ فاضل جسٹس چیف جسٹس بننے کے بعد سب سے پہلے ملتان بار تشریف لاکر ضلع کچہری کی توسیع کریں۔