• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھر کوئلے پر سب سے پہلے بینظیر بھٹو نے کام شروع کیا، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر کے کوئلے پر سب سے پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کام شروع کیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہانگ کانگ کی کمپنی سے معاہدہ کیا تھا تا کہ مائننگ کر کے پاور پلانٹ لگا سکیں، لیکن ان کے بعد والی حکومت نے وہ معاہدہ ختم کر دیا اور ملک لوڈشیڈنگ کی نظر ہو گیا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تھر میں مائننگ کی اور سی پیک کے تحت 660 میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگایا، یہ ملک کی سب سے بڑی پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ تھی اور ہے، سندھ 60 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، تھر میں 88 بلین ٹن کے کوئلے کے ذخائر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ونڈ انرجی کے ذریعے 50000 میگاواٹ پوٹیشنل ہے اور اس وقت ہم 1100 میگا واٹ ونڈ انرجی کی پیداوار کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا پی پی پی یونٹ ایشیا میں چھٹے نمبر پر بیسٹ یونٹ ہے، دریائے سندھ پر سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے 2 پل بنائے ہیں۔

انہوںنے وفاق حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وفاق سے جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ سندھ کو منتقل ہوئے تو ان کا بجٹ 700 ملین روپے تھا اور ہمارا بجٹ ان اسپتالوں کے لیے 13 بلین روپے ہے۔

کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے شعبہ صحت، روڈسیکٹر، تھر میں آر او پلانٹس، کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے ون ونڈو آپریشن جیسے اہم اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا صو بہ سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ سندھ باب الاسلام ہے اور صوفیاء کرام کی سرزمین ہے، سندھ فطری طور پر صوفیاء اکرام کی وجہ سے پُرامن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سے کوئی دہشت گرد نہیں نکلا لیکن دہشت گرد یہاں لائے جاتے ہیں، ایک وقت تھا پورا ملک قتل و غارت ہو گیا تھا، ہر طرف افرا تفری، بم دھماکے، ٹارگیٹ کلنگ اور اغوا کے واقعات جاری تھے۔

پھر حکومت نے فیصلہ کیا کہ ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کیا جائے، پاک آرمی نے ضربِ عضب‎آپریشن شروع کیا ، پاکستان کی عوام کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی اور ان کو ختم کیا۔

اس دوران مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج پورا ملک خاص طور پر سندھ پُرامن ہے۔

تازہ ترین