• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان ڈینس، مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب سے بچاؤ کے بند بہہ جانے کا خدشہ

لندن (پی اے) انگلینڈ اور ویلز میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد سیلاب سے بچائو کے بند بہہ جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ طوفان ڈینس کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں سے کم وبیش ایک ہزار 400 مکان اور دکانیں متاثر ہوئی ہیں، دریائے وائی اور سیورن اپنی اونچی ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، جس کے بعد قرب وجوار کے خطرات سے دوچار علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ویلز اوریارک شائر میں بارشوں کے حوالے سے 3 زرد وارننگز جاری کردی ہیں۔ پورے برطانیہ میں سیلاب کی کم وبیش 140 وارننگز جاری کی جاچکی ہیں، جس میں سائوتھ ویلز کے سب سے زیادہ بری طرح متاثر ہونے والے علاقے سائوتھ ویلز، ہیرفورڈ شائر، ورسیسٹر شائر اور شروپ شائر میں، جہاں بڑے واقعات رونما ہوچکے ہیں، انتہائی سنگین یا زندگی کو لاحق خطرے کی 6 وارننگز شامل ہیں۔ ویسٹ یارک شائر کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے کالڈر ویلی کے نمائندہ ٹوری پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کریگ وہیٹاکر نے کہا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات ناکافی ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ 9 دن قبل جب سے سیلاب کا سلسلہ شروع ہوا وہ حکومت کو ایمرجنسی فنڈنگ اسکیم جاری کرنے کیلئے وہائٹ ہال کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں۔ ماحولیات سے متعلق ایجنسی کا کہنا ہے کہ منگل کی سہہ پہر تک انگلینڈ میں 599 مکان سیلاب کا نشانہ بن چکے تھے۔ فرسٹ منسٹر مارک ڈریک فورڈ کا کہنا ہے کہ ویلز میں کم وبیش 800 مکان براہ راست سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین