• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ جامعات ناکام، سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں بروقت وی سی نہ لگ سکا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) محکمہ بورڈز و جامعات سندھ کی جامعات اور تعلیمی بورڈز میں وائس چانسلرز اور چیئرمین کے تقرر میں ناکامی کے بعد قائداعظم محمد علی جناح کی درسگاہ سندھ مدرستہ الاسلام میں بھی مقررہ وقت پر وائس چانسلر مقرر کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی دوسری چار سالہ مدت بدھ کو مکمل ہوگئی اور محکمہ بورڈز و جامعات سندھ مدرسہ میں قائم مقام وائس چانسلر کا خط بھی جاری نہیں کرسکا جس کی وجہ سے یونیورسٹی میں انتظامی بحران کا خدشہ ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار نے اس حوالے سے ایک خط جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر چار سالہ مدت بدھ کو مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد وہ اب ڈپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونی کیشن اسٹڈیز میں بطور میری ٹوریس پروفیسر خدمات سرانجام دیں گے۔ اس سے قبل محکمہ جامعات آئی بی اے کراچی میں بھی ڈائریکٹر کے تقرر میں ناکام ہوگیا تھا اور دو روز گزر جانے کے بعد آئی بی اے کے قائم مقام ڈائریکٹر کے تقرر کا بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا تھا۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ڈھائی ماہ قبل محکمہ بورڈز و جامعات کو خط تحریر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کی مدت ختم ہونے کے بعد یونیورسٹی کی پالیسی میں تسلسل کیلئے قائم مقام کے بجائے مستقل وائس چانسلر کا تقرر کیا جائے اور اس کے اشتہار دیکر مقرر وقت میں بھرتی کرلی جائے تاہم ایسا نہ ہوسکا۔ یاد رہے کہ محکمہ بورڈز و جامعات سندھ کے پانچ تعلیمی بورڈز میں دوسری بار بھی چیئرمین لگانے میں ناکام ہوچکا ہے چیئرمین بورڈز کی تین سالہ مدت گزشتہ سال 30؍ ستمبر کو ختم ہوگئی تھی اس دوران محکمہ بورڈز و جامعات سندھ کے پانچ تعلیمی بورڈز میں نئے چیئرمین کا تقرر نہیں کرپایا۔

تازہ ترین