کراچی (محمد ناصر)چین اور ترک سفیروں نے جیو نیوز کو اپنے ویڈیو پیغامات میں کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں آپ کے ساتھ ہیں، چینی سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ پاکستانی بھائی اور بہنیں پولیو کے خطرے سے نمٹیں اور اسے شکست دیں، ترک سفیر احسان مصطفی یردکال نےکہا ہے کہ اگر سب متحد ہوں تو کوئی وجہ نہیں کہ آپ اس بیماری کو شکست نہ دے سکیں،تفصیلات کے مطابق”پاکستان بمقابلہ پولیو“ کے عنوان سے ”جیونیوز“ پر چلائی جانے والی مہم میں کرکٹرز، اینکرز، ایکٹرز، شوبز اسٹار ، گلوکار اور سیاستدانوں کے ساتھ اب غیر ملکی سفیر بھی شامل ہوگئے ہیں۔ ملک بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں چینی سفیر یائو جِنگ نے کہا کہ میرے پیارے پاکستانی بھائیوں، بہنوں اور دوستوں پاکستان کے بارے میں میرا تجربہ اور جو میں نے جانا ہے وہ یہ ہے کہ پاکستان دُنیا میں حالات کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھنے والا ملک ہے۔ دوسری طرف ترک سفیر احسان مصطفی یردکال کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میرے پیارے پاکستانی بھائیوں، بہنوں اور دوستوں۔ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اگر آپ متحد ہوں تو کوئی چیلنج نہیں جس سے آپ نمٹ نہ سکیں۔ آج پولیو کا مرض سب سے بڑا چیلنج اور بحران ہے جس کا سامنا پاکستان کو ہے۔ اُنہوں نے اپنے پیغام میں اُردو زبان میں کہا کہ ”پولیو کے قطرے پلائو، پولیو کو ہرائو“۔ یہاں پاکستان سپر لیگ کے کھلاڑی بھی پولیو کو کلین بولڈ کرنے کیلئے پر عزم ہیں ۔