• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیری اور میگھن مرکل کیلئے شاہی لقب استعمال کرنیکی ممانعت

لندن(پی پی آئی) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے شاہی خاندان سے الگ ہوجانے والے اپنے پوتے ہیری اور ان اہلیہ میگھن مرکل کو شاہی لقب ’سسکیس رائل‘ استعمال کرنے سے منع کردیا ہے جس سے جوڑے کی فلاحی و کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل شاہی خاندان سے علیحدہ ہونے کے باوجود سسکیس رائل کا لقب استعمال کر رہے تھے۔

یہ وہ لقب ہے جو تخت نشینی کی قطار میں موجود افراد کو ان کی شادی کے موقع پر دیا جاتا ہے۔اس لقب کا اعلان ہیری اور میگھن مرکل کی شادی کے روز کیا گیا تھا کہ ان دونوں کوڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکیس کہا جائے گا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شاہی خاندان سے علیحدگی کے باوجود جوڑا اس نام کو ایک برانڈ کے طور پر استعمال کر رہا تھا۔

علیحدگی کے اعلان کے فوراً بعد جوڑے نے اس نام سے اپنی ویب سائٹ بھی تیار کروالی تھی، ان کے سوشل میڈیا کے دیگر اکاؤنٹس بھی اسی نام سے ہیں، اور وہ اپنی فلاحی و کاروباری سرگرمیوں میں اس نام کے استعمال کے لیے رجسٹریشن پر خطیر رقم بھی خرچ کر چکے ہیں۔

جوڑا اس نام سے اپنا فلاحی ادارہ بھی قائم کرنے کے مراحل سے گزر رہا تھا۔تاہم اب ملکہ نے انہیں اس نام کے استعمال سے روک دیا ہے جس کے بعد جوڑے کو اپنی برانڈنگ کے لیے نیا نام چننا ہوگاشاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ہیری اور میگھن ’ہز اینڈ ہر رائل ہائی نیس‘ کے شاہی القابات، سرکاری مالی امداد اور دیگر شاہی مراعات سے پہلے ہی ہاتھ دھو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل نے رواں برس کے آغاز پرفیصلہ کیا تھاکہ وہ شاہی پروٹوکول چھوڑ کر عام انسانوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں اور اب وہ مستقبل میں اپنے فلاحی و دیگر کاموں پر توجہ دیں گے۔شاہی خاندان چھوڑنے کے بعد جوڑا اب کینیڈا منتقل ہوچکا ہے۔

تازہ ترین