• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درست کیریئر کا انتخاب طالب علم کی زندگی میں اہم اور زندگی بدلنے والے فیصلوں میں ایک سے ہوتا ہے۔ اگر اسے کافی سنجیدہ نہ لیا گیا تو اس کا نتیجہ زندگی بھر پچھتاوے، چڑچڑا پن اور بےچینی کی صورت سامنے آسکتا ہے۔ کیریئر کے درست انتخاب کے مرحلے میں پیشہ ورانہ تعلیمی مشیر کی مناسب رہنمائی ، ایک طالب علم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔

کیریئر کے لیے رہنمائی میں ایسے مشورے شامل ہوتے ہیں، جو لوگوں کو ان کے کیریئر میں کامیابی دلانے میں مدد دیتے ہیں۔ کیریئر ڈویلپمنٹ ایک ایسا عمل ہے، جس کے ذریعے کسی بھی فرد کے کام کی شناخت ابھرتی ہے۔ بہت سے لوگ کیریئر کے بارے میں پیشہ ور افراد سے صرف اسی وقت مدد لیتے ہیں جب وہ پہلی بار اپنے کیریئر کا انتخاب کر رہے ہوتے ہیں یا شاید جب وہ متبادل کیریئر کے دوراہے پر کھڑے ہوں۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ کیریئر کے حوالے سے آپ کو کب مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔

کیریئر کا انتخاب

بہت سارے لوگ اپنی زندگی میں جو کچھ کرتے ہیں، اس سے مطمئن نہیں ہوتے۔ ایسا کیوں ہے؟ کیریئر کا انتخاب کرتے وقت وہ غلطیاں کرتے ہیں اور کسی بھی پیشے کو اپنا لیتے ہیں، جو مناسب نہیں۔ ہوسکتاہے کہ بلا سوچے سمجھے اپنائے جانے والے پیشے پر آپ بعد میں خوش ہوں اور اچھا کما بھی رہے ہوں لیکن یقینی طور پر ایسا کرنا سب کے لیے دانشمندانہ نہیں ہے۔ اس ضمن میں پیشہ ور یا تجربہ کار افراد سے مدد لینا ضروری ہے جو کیریئر کے حوالے سے آپ کو بہتر رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

ملازمت کی تلاش

ملازمت کی تلاش کے طریقے بھی گزشتہ دہائیوں کے دوران نمایاں طور پر بدل چکے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان میں مزید بدلاؤ آرہا ہے۔ اخبارات میں کلاسیفائیڈ اشتہارات یا انڈسٹری میں موجود آپ کے دوست احباب ملازمت تلاش کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ 

اس ضمن میں کیریئر کائونسلر آپ کی رہنمائی کرے گا کہ ملازمت کی تلاش کے لیے کیا وسائل استعمال کئے جائیں۔ وہ ایک مؤثر سی وی تیار کرنےمیں آپ کی مدد کرے گا اور نیٹ ورک کے استعمال کا سہی طریقہ بتائے گا۔ جب ملازمت کے انٹرویوز کیلئے جانے کا وقت آتا ہے تو آپ سوالات کا بہترین جواب دینے اور ملازمت کی پیشکش پر بات چیت کرنے کے بارے میں بھی مشورے حاصل کرسکتے ہیں۔

کیریئر کے درمیان

جب آپ کی ملازمت کا آغاز ہوتا ہے تو کیریئر کے حوالےسے آپ کی سمت متعین ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ آپ ان چیزوں کے بارے میں بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں جو بعد میں رونما ہوتی ہیں۔یہاں پر بھی کیریئر کائونسلر کیریئر میں ترقی کے بارے میں آپ کے سوالات کے جواب دے سکتا ہےجو آگے بڑھنے کے حوالے سے آپ کی مدد کریں گے۔ 

خاص طور پر سب سے اہم سوال کا جواب بھی آپ کو مل سکتاہےکہ ’’آپ اپنی موجودہ ملازمت چھوڑیں یا نہیں؟‘‘۔ آپ ساتھی کارکنوں اور اپنے باس کے ساتھ تعلقات، کارکردگی کے جائزوں کی تیاری اور نوکری کے دباؤ اور جلدی سے کام نمٹانے کے بارے میں مشورے حاصل کرسکتے ہیں۔

ملازمت ختم ہوجائے

ملازمت سے سبکدوشی معاشی اور جذباتی طور پر تباہ کن تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔ جب آپ ملازمت سے محروم ہوجاتے ہیں تو آپ کی شناخت کا ایک حصہ چھن جا تا ہے۔ زندگی کے اس کٹھن دور سے گزرنے والوں کی مدد کرنا کیریئر رہنمائی کا ایک جزو ہے۔ 

بے روزگار شخص کسی قابل کیریئر کاؤنسلر سے ملاقات کرکے اپنی خامیوں پر قابو پانے یا مختلف کمپنیوں میں ملازمت کی درخواست دینے کے حوالے سے قابلِ قدر مشورے حاصل کرسکتا ہے۔ اس طرح دوسروں کے مقابلے میں اس شخص کے روزگار حاصل کرنے کا زیادہ امکان ہوگا۔

کیریئر میں تبدیلی

کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنی پوری زندگی کسی ایک پیشے میں نہیں رہتے اور وہ کئی بار اپنا کیریئر تبدیل کرتے ہیں۔ شاید آپ پر بھی ایسا وقت آئے جب آپ کیریئر کی تبدیلی کے بارے میں سوچیں۔ اس سلسلے میں ایک ماہر سے ملاقات کریں جو کسی دوسرے کیریئر کے حوالے سےآپ کی صلاحیتوں کا اندازہ لگاسکے۔ 

ماہر کی رہنمائی سے آپ کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ آپ اپنے نئے پیشے میں کون سا ہنرا ستعمال کرسکتے ہیں یا نیا کیریئر شروع کرنے سے پہلے آپ کے پاس کس ہنر کا ہونا لازمی ہے۔

حوصلہ افزائی

جب آپ روز مرہ زندگی گزارنے، نئی نوکری کی تلاش یا کوئی اور تبدیلی لانے میں مصروف ہوتے ہیں تو کبھی کبھی آپ کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ حوصلہ افزائی کرنے والے آپ کے ساتھی، دوست اور فیملی کے افراد ہوسکتے ہیں، تاہم یہ تمام لوگ حوصلہ بڑھانے کے بجائے خود بھی پریشان ہوسکتے ہیں۔ 

اگر چیزیں آپ کی مرضی کے مطابق نہیں چل رہی ہیں تو ایسی صورتحال میں ایک کیریئر گائیڈ پروفیشنل ہی آپ کی بہتر انداز میں حوصلہ افزائی کرسکتا ہے۔ وہ آپ کو بتائے گا کہ آپ کسی کام سے کیوں دستبردار نہیں ہوں گے، چاہے آپ کو ناکامی نظر آرہی ہو یا پھر آپ کیریئر تبدیل کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے میں دشواری محسوس کررہے ہوں۔ کوشش کریں کہ کسی قابل ماہر سے ہی اس حوالے سے مشورہ کریں تاکہ آپ کسی درست فیصلے پر پہنچ سکیں۔

تازہ ترین