• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معطلی کے بعد بکی سے ملنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

پی سی بی انتظامیہ نے پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب اور میچ والے دن صبح میں اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہ کرنے پر ٹھوس شواہد سامنے آنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کے اہم رکن عمر اکمل کو معطل کرکے ان کے لیگ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عمر اکمل نے معطلی کے بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ عمر اکمل کی بکی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس موجود ہے، جس کے بعد ہی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت انہیں معطل کیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ اس وقت معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں لہٰذا اس واقعے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔

اس تمام صورتحال کے بعد عمر اکمل کو جمعرات کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کراچی سے لاہور روانہ کردیا گیا تھا اور ان کی جگہ کوئٹہ کی ٹیم میں آل راؤنڈر انور علی کو شامل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین