کراچی (پ ر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کی طرف سے سندھ کی جامعات میں گریڈ5 سے 15تک کی بھرتیاں آئی بی اے سکھر کے حوالے کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ جامعات کی خودمختاری کے خلاف ہے۔ سینئر پروفیسرز اور اساتذہ کرام اور وائس چانسلرز کی بھی جانب سے مخالفت کے باوجود سندھ حکومت نے اگر اس فیصلے کو زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا اور جامعات اسے قبول نہیں کریں گی۔ لہٰذا صوبائی حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کرے اور تعلیمی ماحول کو خراب ہونے سے بچائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے صوبائی حکومت کی ان کوششوں کے خلاف مزاحمت کا اعلان کیا ہے۔