• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریڈ کریسنٹ کی عمارت ہسپتال بنتے بنتے پناہ گاہ میں تبدیل

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں ریڈ کریسنٹ کی عمارت ہسپتال بنتے بنتے پناہ گاہ میں تبدیل ہوگئی ہے۔ سید پور روڈ پر واقع عمارت میں سابقہ حکومت کے دور میں کروڑوں روپے لگا کر ہسپتال بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کو موجودہ حکومت نے بھی برقرار رکھتے ہوئے گزشتہ سال ڈینگی سیزن میں ڈینگی مریضوں کے لئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ہلال احمر ہسپتال کووائس چانسلر آر ایم سی ہسپتال کی تحویل میں دے دیا تھا ۔اس وقت وزیر صحت یاسمین راشد نے ہدایات دیتے ہوئے کہاتھا کہ ہسپتال کوفنکشنل کرنے کے لئے ایچ آر اور ضروری سازو سامان کی فراہمی کو فوری طور پریقینی بنایا جائے۔ ذرائع کےمطابق عمارت میں ڈینگی کی او پی ڈی اور مریضوں کے داخلے کے لئے وارڈز بنائے گئے تھے۔ تاہم اب اس میں پناہ گاہ بنائی جارہی ہے۔اور عمارت پر پناہ گاہ کا بینر آویزاں کردیا گیا ہے۔گزشتہ دور حکومت میں راولپنڈی میں متعددی امراض سے نمٹنے کیلئے سید پور روڈ پر ریڈکریسنٹ کی عمارت میں ایک سوبستروں کا ہسپتال بنایاگیا تھاجس کیلئے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کو بھی بھرتی کرلیا گیا تھا ۔اس وقت کی پنجاب حکومت نے40 ملین روپے کی خطیر رقم بھی جاری کی تھی۔زرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل ریڈ کریسنٹ ہسپتال سے مریضوں کے دس بیڈ ہولی فیملی ہسپتال منتقل کئےگئے تھے۔اس حوالے سےڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرد انوار الحق سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نےبتایا کہ عمارت کے تہہ خانے میں پناہ گاہ بنائی جارہی ہے۔ہسپتال کئی برسوں سے بند پڑا تھا۔باقی عمارت ہسپتال کیلئے استعمال ہوگی۔جہاں مفت علاج کیا جائے گا۔جس کا انتظام راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مخیر حضرات مل کرچلائیں گے۔
تازہ ترین