پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کی کووریج کے لیے پاکستان آئے آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین نے بھارت کو ٹرول اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک گانا ریلیز کردیا۔
’بلڈی گورا ‘ کے عنوان سے بنایا گیا آسٹریلوی صحافی کا 2 منٹ اور 19 سیکنڈ پر مشتمل گانا مزاحیہ ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں رہتے ہوئے مختلف تجربات و مشاہدات کا اظہار طنز و مزاح کا سہارا لیتے ہوئےکیا۔
جہاں صارفین کو علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے نئے ترانے کا بےصبری سے انتظار ہے وہیں ’بلڈی گورا‘ بھی کافی حد تک سوشل میڈیا پر پزیرائی حاصل کرچکا ہے۔
اس گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ڈینس فریڈ مین کا کہنا تھا کہ ’کیا آپ ایک بہتر پی ایس ایل کے ترانے کے لیے تیار ہیں۔‘
پاکستانی میوزک بینڈ ای- شارپ کی مدد سے بنائے گئے گانے ’بلڈی گورا‘ کے بول ڈینس نے خود لکھے ہیں۔
اس گانے کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ڈینس سے گانے کے لیرکس کی فرمائش کی کیونکہ ان کے انگریزی لہجے میں اردو کے الفاظ کو سمجھنا تھوڑا مشکل تھا۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈینس نے گانے کے بول بھی شیئر کئے۔
ڈینس عالمی دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں وہ کراچی میں موجود ہر چیز کی تشہیر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔انڈے والا برگر اور کراچی کی بریانی کھاتے ہوئے بھی انہوں نے تصویر اور ویڈیو شیئر کی۔
ڈینس اپنے ہی گانے کو پی ایس ایل کا بہترین گانا بھی قرار دے رہے ہیں۔
صارفین اس گانے کو ’لیجنڈری‘ گانے کا اعزاز دیتے ہوئے اُن کی اس کاوش کو بے حد سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین کرکٹ کے بارے میں کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں اور بھارت پر تنقید بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے مشہور زمانہ کپ کے ساتھ بھی انہوں نے ایک تصویر شیئر کی۔