وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ایک جیب میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور دوسری جیب میں شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آصف علی زرداری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو نہیں بلکہ بجلی اور گیس کے بلوں کو اپوزیشن سمجھتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری اپنے کیسز سے خلاصی کے علاوہ کچھ نہیں چاہتے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایک جیب میں نواز شریف اور دوسری جیب میں آصف علی زرداری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اس کے سوا کوئی مطالبہ نہیں کہ ہمیں لندن جانے دو۔
شریف خاندان سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ والد سمیت پورا خاندان لندن جاچکا ہے، مریم نواز کو کابینہ نے باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک چلانا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں، کوئی مارچ نہیں ہونے جارہا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جلسہ شوق سے کر لیں، دھرنا دینے پر مولانا کو دھرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔