وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ شہباز شریف واپس آئیں یا نئے اپوزیشن لیڈر کا چناؤ کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے کہ اپوزیشن لیڈر طویل عرصے سے ایوان میں تشریف نہیں لا رہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ پہلے ہی چھوڑ چکے ہیں، قانون سازی میں اپوزیشن لیڈر کا اہم کردار ہے اور وہ خصوصی مراعات بھی لےرہے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی غیر موجودگی اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ان حالات کے مدِ نظر یا تو شہباز شریف سے اسمبلی میں واپسی کی حتمی تاریخ پوچھی جائے اور یا پھر نئےاپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کیلئے پراسسس کا آغاز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیئے: چیف جسٹس صحافی کے قتل کا نوٹس لیں، فواد چوہدری
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے یہ بھی کہا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ لمبا عرصہ خالی نہیں رکھا جا سکتا، شہباز شریف نواز شریف کو واپس لانے کی گارنٹی دے کر خود ہی غائب ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف اپنے بھائی اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں گزشتہ برس نومبر سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور اگلے ماہ ان کی وطن واپسی متوقع ہے۔