• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے 4افراد گرفتار

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمداحسن یونس نے کہاہے کہ پولیس نے اغواءبرائے تاوان کی سیریل وارداتوں میں ملوث بڑے گینگ کو پکڑا ہے۔ملزمان نے کرائے پر مکان حاصل کررکھاتھاجہاں وہ مغوی کو محبوس رکھتے تھے۔ ملزموں کی گرفتاری کے لئے افسران نے خود چھاپے مارے،خاتون آفیسر کو دو طرفہ فائرنگ سے نکالا۔ پیرکوپولیس لائن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی اونے کہاکہ ملزموں نے شہر کی 12 اہم شخصیات کی لسٹ بنا رکھی تھی،جنھیں تاوان کی خاطر اغوا کرنا تھا۔پولیس نے انہیں ٹریس کرکےچار ملزمان پر مشتمل گینگ کو گرفتار کرلیا۔ ماسٹر مائنڈ کا بھائی بھی ان وارداتوں میں شامل ہے اسے بھی گرفتار کریں گے ۔سی پی اونے کہاکہ ائر پورٹ کے علاقہ سے اغواء ہونے والے محمد افضل کے بھائی کی مدعیت میں اغواء برائے تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزمان اغواء برائے تاوان کے عادی ملزمان ہیں اور راولپنڈی پولیس کو اغواء کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے، ملزمان نے گنجمڈی کے علاقہ سے تاجر کو اغواء اور کروڑوں روپے تاوان وصول کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ گرفتار ملزمان پہلے ڈکیتیاں کرتے تھے جنہوں نے جان کے خطرے کے باعث بعدمیں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں شروع کردیں۔ ملزموں سے تقریباً تین کروڑ روپے ریکوری کی امید ہے ۔انہوں نے کہاکہ سب انسپکٹر کو قتل کرنے والے ملزموں کے قریب پہنچ چکے ہیں انھیں بھی جلد گرفتار کرلیں گے ۔سی پی اونے کہاکہ ایک ماہ میں 90 ہزار سے زیادہ پتنگیں قبضے میں لیں،عوام کو آگاہی فراہم کی۔اگر معاشرہ قوانین کو توڑنے پر چلا جائے تو اسکا ہمارے پاس کوئی حل نہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر اسلام آباد پولیس کےآ فیسر کا بیٹا کہوٹہ میں پکڑا گیا تو پولیس آفیسر کو ہم سے رابطہ کرنا چاہیے تھا ۔پتنگوں کی ترسیل روکنے کیلئے پاکستان پوسٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کو آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ او ایل ایکس اور فیس بک پر پتنگوں کی فروخت کرنے والے ملزمان بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔سٹی پولیس آفیسرنے کہاکہ پی ایس ایل ایک میگا ایونٹ ہے اسلئے اسکے سیکورٹی انتظامات بھی میگا ہوں گے۔پی ایس ایل کے دوران رینجرز کی5 کمپنیاں اور فوج کی ایک کمپنی سیکورٹی میں معاونت کریں گے۔موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کڈنی ہسپتال اورکاروں کی شکرپڑیاں گراونڈ میں ہو گی،شکرپڑیاں گراونڈ سے 80شٹل سروس بسوں کے ذریعے تماشائی گراونڈ پہنچیں گے۔انہوں نے کہاکہ کمسن لڑکی سے گینگ ریپ اور بچے کی پیدائش کا معاملہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ملزمان کی ڈی این ے رپورٹ تین چار ن تک موصول ہو جائے گی ۔سی پی اونے کہاکہ ایس ایچ او اور اسکی فیملی کو دھمکیاں دینے والے کارلفٹرز کوجلد گرفتار کرلیں گے۔
تازہ ترین