لاہور(خبرنگارخصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا ہے کہ عدالتوں کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں اس لئے ججز کو کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ضروری ہے۔وہ پیرکوپنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں جنرل ٹریننگ پروگرام کےتحت 13ویں تربیتی کورس کےافتتاحی سیشن سے خطاب کررہےتھے۔اس موقع پررجسٹرارلاہورہائیکورٹ اشترعباس، ڈسٹرکٹ جوڈیشری ریحان بشیر اور سیشن جج ہیومن ریسورس ساجد علی اعوان بھی موجود تھے۔چیف جسٹس نےکہا کہ جوڈیشل اکیڈمی ججز کوسیکھنےکےبھرپورمواقع فراہم کررہی ہے۔ جوڈیشل افسران اکیڈمی سے سیکھے ہوئے قوانین اور علم کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور قوانین میں ہونے والی ترامیم اور نئے آنے والے قوانین پر عبور حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ جوڈیشل افسران ایسے قوانین کے تحت بھی فیصلے دے دیتے ہیں جو ختم ہوچکےہوتےہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ زیادہ دیر تک عدالتوں اور دفاترمیں کام کرنےسےججز کا لائف سٹائل متاثر ہوتا ہے جبکہ طویل اوقات کاراورسخت محنت کیوجہ سے جوڈیشل افسران کی صحت متاثر ہونے کا احتمال رہتا ہےاس لئےججز اپنے لئے کچھ وقت نکالیں اور روزمرہ ورزش کو لازمی اپنائیں۔ چیف جسٹس نے زور دیا کہ تربیتی کورس میں شریک ججز بھرپور دلچسپی اور دلجمعی کے ساتھ کورس میں شمولیت اختیار کریں۔ قبل ازیں اکیڈمی کے سینئر ڈائریکٹر خالد محمود بھٹی نے تربیتی کورس کے اغراض و مقاصد بتائے۔رواں چھ روزہ تربیتی کورس میں ایڈیشنل سیشن ججز کا 13واں جبکہ سول ججز کا 25واں اور26واں بیچ شرکت کررہا ہے۔