• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ناظمِ کراچی نعمت اللّٰہ انتقال کر گئے

سابق ناظمِ کراچی نعمت اللّٰہ خان ایڈووکیٹ انتقال کر گئے


سابق ناظمِ کراچی نعمت اللّٰہ خان ایڈووکیٹ انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے علیل تھے، انتقال کے وقت ان کی عمر 89 برس تھی۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق نعمت اللّٰہ خان ایڈوکیٹ کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر نیو ایم اے جناح روڈ نزد ادارہ نورحق پر ادا کی جائے گی۔

ترجمان جماعت اسلامیکا کہنا ہے کہ  نعمت اللّٰہ خان کے صاحبزادے اور صاحبزادی بیرون ملک ہیں، ان کی آمد کے بعد تدفین ہوگی۔

نعمت اللّٰہ خان 1930ء میں اجمیر شریف میں پیدا ہوئے، پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ کراچی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

وہ جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر بھی رہے، جبکہ جماعتِ اسلامی پاکستان کی شوریٰ کے رکن بھی رہے۔

نعمت اللّٰہ خان 1985ء کے غیر جماعتی الیکشن میں سندھ اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے۔

وہ 1988ء میں اسمبلی کی تحلیل تک تقریباً ساڑھے 3 سال اپوزیشن لیڈر رہے، جبکہ 2001ء میں کراچی کی شہری حکومت کے ناظم منتخب ہوئے۔

نعمت اللّٰہ خان ایڈووکیٹ 2005ء تک کراچی کی شہری حکومت کے ناظم رہے، وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین بھی رہے۔

شاہ فیصل کالونی سے کورنگی انڈسٹریل ایریا تک ملیر ندی پر فلائی اوور جیسا منصوبہ ان کے دورِ نظامت میں تعمیر کیا گیا۔

نعمت اللّٰہ خان ایڈووکیٹ مرحوم نے بحیثیت چیئرمین الخدمت فاؤنڈیشن صحرائے تھر کے رہنے والوں کو پانی اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کئی منصوبے شروع کیے۔

جماعت اسلامی میڈیا سیل کے مطابق نعمت اللّٰہ خان ایڈووکیٹ کی نمازِ جنازہ کل ادا کی جائے گی۔

صدرِ مملکت کا نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار :

نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر صدر عارف علوی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم انسان دنیا سے رخصت ہوا ہے۔

پی پی رہنماؤں کا نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار:

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے نعمت اللّٰہ خان کے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نعمت اللّٰہ خان کی کراچی کےلیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ‎‏دعاگو ہوں، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق مراد علی شاہ نے بھی سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم نعمت اللّٰہ خان کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا اظہار تعزیت 

کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کی جانب سے بھی سابق ناظم کراچی نعمت اللّٰہ خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔

تازہ ترین