• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہما فاطمہ

 ایک وقت تھا کہ دال اور سبزیاں غریبوں کا کھانا کہی جاتی تھیں، مگر منہ زور منہگائی نے اب ان کے بھاؤ بھی آسمان تک جاپہنچادیے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ متوسط طبقے کا کفایت شعاری سے اپنے دسترخوان کی ضرورت پوری کرنا مشکل تر ہو گیا ہے۔ بالخصوص ایسی خواتین جو چاہتی ہیں کہ اپنی مالی حیثیت کی مناسبت سے ضروریات پوری کریں، تاکہ معاشی مسائل سے بچی رہیں ہو۔ مسائل سے نبردآزما ہونے کے لیے ضروری ہے کہ گھریلو کاشت کاری کا مشغلہ اپنایا جائے۔ اس سے نہ صرف اخراجات میں توازن آئے گا، بلکہ سستی اور تازہ سبزیاں بھی حاصل ہوں گی۔ 

اس کام کے لیے ضروری نہیں کہ آپ کے پاس وسیع اور کھلا آنگن ہو۔ آپ اپنا یہ شوق گملوں میں بھی بہ آسانی پورا کر سکتی ہیں۔ ہرا دھنیا، پودینا، ہری مرچ اور ٹماٹر وغیرہ گملوں میںاُگایا جا سکتا ہے۔ پودینا اُگانے سے یہ فائدہ بھی ہوتا ہے کہ اس کی خوش بو سے مکھی اور مچھر وغیرہ بھی دور رہتے ہیں۔ اگر گملے میں پودینا اُگا کر اسے کمرے کے قریب رکھ دیا جائے تو گھر کے اندرونی حصوں میں بھی مکھیوں اور مچھروں کی بہتات روکی جا سکتی ہے۔ گھریلو کاشت کاری سے بہت سے موسم کے پھل اور سبزیاں بھی تازہ بہ تازہ دست یاب ہو سکتی ہیں۔گھر میں اُگائی گئی سبزیوں اورپھلوں کا ذائقہ بھی یقیناً باہر کی سبزیوں سے منفرد ہوگا۔

کسی بھی پودے کے لیے بیج ڈالنے سے قبل گھاس پھوس کی صفائی کریں ، ورنہ پودے کی نشوونما متاثر ہونے کا خدشہ ہوگا، بعد میں بھی پودوں کی کانٹ چھانٹ کرتی رہیں۔ بیمار اور خشک شاخیں تراش دیں۔ دھوپ کا بطور خاص خیال رکھیں۔ بہت زیادہ تیز دھوپ سے بعض اوقات گملوں کے پودے جل جاتے ہیں۔ اگر گملوں میں پودے لگا رہی ہیں، تو گملے کےحجم کا پودے کی مناسبت سے ہونا ضروری ہے،ساتھ ہی مناسب ہوا اور دھوپ کا گزر بھی ہو۔ کسی بھی چیز کی کمی یا زیادتی ننھے پودوں کے لیے بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔کاشت سے قبل چند اہم باتوں کا دھیان رکھیں۔ مٹی کی اچھی طرح سے گوڈی کریں۔ اس کے بعد پانی دیں، لیکن یہ خیال رکھیں کہ کاشت سے قبل زمین کو کچھ دیر خشک رہنے دیں۔ 

مصنوعی کی جگہ دیسی کھاد کا استعمال کریں، مگر کچی کھاد کا استعمال بالکل نہ کریں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پودے اپنی خوراک آبی محلول کی شکل میں لیتے ہیں۔ جب تک تمام نمکیات اچھی طرح سے پانی میں حل نہ ہو جائیں، وہ جڑوں میں نہیں جائے گا۔ اس لیے کھاد جتنی گیلی ہو گی، اتنا اچھا ہے۔ننھے پودوں کے لیے کم کھاد بھی کافی ہوتی ہے۔ 

پودوں کو بروقت پانی ڈالنا بہت ضروری ہے۔ گرمیوں میں پودوں کو معمول سے زیادہ پانی دینا ضروری ہے، اسی طرح سردیوں میں اس کی مقدار کم کی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی سخت سرد موسم میں نیم گرم پانی دینا بھی مفید رہتا ہے۔خواتین کو ایک بات سمجھ لینی چاہیے کہ یہ کام توجہ طلب ہوسکتا ہے کہ شروع میں مشکلات پیش آئیں، تاہم آپ جلد ہی اس کام میں ماہر ہوجائیں گی۔

تازہ ترین