• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، گرلز ان گرین نے تہلکہ مچا دیا، ویسٹ انڈیز کو شکست

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کاٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز


کینبرا،آسٹریلیا (جنگ نیوز) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فیورٹ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تہلکہ مچادیا۔ ’’گرلز ان گرین‘‘ نے ٹورنامنٹ میں طویل انتظار کے بعد مہم شروع کی کسی مشکل کے بغیر حریف کو آٹھ وکٹ سے زیر کرکے فاتحانہ آغاز کیا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ بدھ کوپاکستان نے 125 رنز کا مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز نے 7وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ شیمائن کیمبل اور اسٹیفنی ٹیلر 43،43 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ لی آن کِربی 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ ڈیانا بیگ نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ندا ڈار اور ایمن انور نے بھی 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں جویریہ خان اور منیبہ علی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے 58رنز کا مضبوط آغاز فراہم کرکے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ جویریہ خان 35 اور منیبہ علی 25رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، جس کے بعد کپتان بسمہ معروف نے ندا ڈار کے ہمراہ 40رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16گیندیں قبل 2وکٹ پر حاصل کرلیا۔ بسمہ معروف 39اور ندا ڈار 18رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ویسٹ انڈیز کی آفی فلیچر اور اسٹیفنی ٹیلر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں جویریہ خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ 28 فروری کو اسی میدان پر انگلینڈکے خلاف کھیلے گی۔ 

تازہ ترین