اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز) اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید نے کہا ہے کہ اپنے کام میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کروں گا، تعیناتی سے قبل ہی انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو بتا دیا تھا وہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے پیش نہیں ہونگے۔
ذوالفقارعلی بھٹو کیس ہو یا پرویز مشرف غداری کیس دیانت داری کے ساتھ عدالت کو رائے دوں گا، ریکوڈک کیس پاکستان کی معاشی بقاء کا مقدمہ ہے، اثاثوں پر تلوار لٹک رہی ہے، کیس ہار گئے تو پاکستان کے بین الاقوامی اثاثوں کو خطرہ لاحق ہو جائیگا۔
وزیر قانون کیساتھ مطمئن ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت عظمی میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کیس وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ریکوڈک پاکستان کی معاشی بقاءاور سلامتی کا مقدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کیس ہو یا پرویز مشر ف غداری کیس دیانت داری کے ساتھ عدالتی معاونت کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ترجیحات میں اہم بین الاقوامی مقدمات بھی ہیں۔