• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ایف اے معائنہ ٹیم کی کارروائیاں جاری‘منرل واٹر پلانٹ سیل

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص اور مضر صحت اشیاء خورد ونوش تیار اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ۔بی ایف اے کی معائنہ ٹیموں نے گزشتہ روز ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ کی سربراہی میں میزان چوک علمدار و طوغی روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے پابندی عائد ہونے کے باوجودمعیار پر پورا نہ اترنے اورمضر صحت منرل واٹر کی تیاری و فروخت پر منرل واٹر پلانٹ کو سیل کر دیا ،کارروائی کے دوران ناقص و غیر محفوظ نمکو بنانے ،پروڈکشن یونٹ میں گندگی اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر ایک نمکو فیکٹری کو دس ہزار جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات،اشیاء ڈھکی ہوئی نہ ہونے اور حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف اشیاء کی تیاری و فروخت پر بیکری کو بیس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر معیاری مصالحہ جات، چائے کی پتی اور منرل واٹر کے معیار کا جائزہ لینے کے لئے معائنہ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں تیار اور فروخت ہونے والی مذکورہ اشیاء کے نمونے حاصل کر کے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ عوام کو ملاوٹ سے پاک ،معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوڈ اتھارٹی پوری طرح متحرک ہے ،خوراک کے کاروبار کے نام پر ذاتی فائدے کے لئے لوگوں کی صحت سے کھیلنے اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
تازہ ترین