بھارتی شہر دہلی کی حالیہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کے پاکستان میں اقلیتوں پر انتہائی ذمہ دارانہ بیان دینے کے بعد سے شوبز شخصیات ان کی معترف دکھائی دے رہی ہیں۔
بھارت میں مودی کی سرپرستی میں انتہا پسندوں کی جانب سے متنازع شہریت قانون کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں عالمی برادری سے بھارت کی حالیہ صورتحال پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئےپاکستانیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے۔
عمران خان نے بھارت کے شہر دہلی میں جاری مسلم کش فسادات سے متعلق کہاکہ بھارتی جماعت آر ایس ایس نظریہ نازی سے متاثر ہے، جس نےایک ارب کی آبادی پر قبضہ کررکھا ہے۔
سُپر اسٹار ماہرہ خان ، گلوکار فرحان سعید اور سابقہ اداکارہ نیمل خاور عباسی و دیگر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں عمران خان کے ذمہ دارانہ بیان کو سراہا۔
نیمل خاور عباسی نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عمران خان ہمارا فخر ہیں۔
اداکار و گلوکار فرحان سعید نے لکھا کہ ’مجھے فخر ہے کہ میں نے عمران خان کو ووٹ دیا، میں روزانہ آپ کے لیے دعا کرتا ہوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ عمران خان پاکستان کو ترقی کی اُن بلندیوں پر پہنچانے میں کامیاب ہوں گے جن کا ہم نے خواب دیکھا ہے۔
سُپر اسٹار ماہرہ خان نے اقلیتوں کے حوالے عمران خان کی جانب سے کئے گئے تمام ٹوئٹس شیئر کئے، ٹوئٹس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ میرے پاکستان کے لیڈر ہیں ۔
گلوکار و میزبان فخر عالم نے بھی عمران خان کے ٹوئٹس پر اپنا ردعمل دیا۔
اداکار فیصل قریشی نے لکھا کہ ہم پاکستانی ہیں اور ہم امن پسند قوم ہیں۔
عمران خان کے اقلیتوں کو پاکستان کا مساوی شہری اور ان کے حقوق کے حوالے سے کئے گئے ٹوئٹ کو فہد مصطفی نے بھی شیئر کیا۔
فہد مصطفی نے اپنےٹوئٹ میں پاکستان کے جھنڈے کا ایموجی بناتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان سب کے لیے۔‘