• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کی جانب سے  13ویں اور سندھ میں 16ویں چیسٹ پین یونٹ کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کا  افتتاح کر دیا گیا ہے۔

قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے جمعرات کو کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کراچی میں کراچی کے 13ویں اور سندھ کے 16 ویں چیسٹ پین یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں میں دل کے بڑھتے ہوئے امراض کے سبب این آئی سی وی ڈی کی مشینیں دن رات انجوگرافی اور انجیوپلاسٹی میں مصروف رہتی ہیں۔

کراچی کنٹونمنٹ کے علاقے میں قائم تیرہویں چیسٹ پین یونٹ کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد کی فوری فراہمی کے لئے مزید 5 چیسٹ پین یونٹس جلد قائم کئے جائیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اب تک ان کے چیسٹ پین یونٹس میں 3 لاکھ 33 ہزار 682 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا، جن میں سے 7ہزار 882 دل کے دورے کے مریضوں کی جان بچائی گئی۔

پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کراچی میں چیسٹ پین یونٹ کا قیام اہل کراچی کے لئے ایک اور تحفہ ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹ این آئی سی وی ڈی سے منسلک ہوگا، دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کی فراہمی کے بعد این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جائے گا، جہاں پر جدید سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے، یہ چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے، یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھٹنے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔

پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ یہ چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے کے لئے فعال بنائے گئے ہیں، یہ یونٹس جدید طبّی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔ دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہاکہ ہم اس پروگرام کے تحت پورے صوبہ سندھ میں مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کریں گے کیونکہ ان چیسٹ پین یونٹس نے دو سال کے مختصر عرصے میں 7,882 قیمتی جانے بچائی ہیں جن کو دل کے دورے کے دوران فوری ہنگامی طبّی امداد فراہم کی گئی اور لاکھوں مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔

این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ بڑی فخر کی بات ہے کہ 2 سال کی مختصر مدت میں صوبہ سندھ میں 10 این آئی سی وی ڈی اسپتال اور 15چیسٹ پین یونٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں پر پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید او رمہنگا علاج بالکل مفت فراہم کیا جاتا ہے۔

پروفیسر ندیم قمر نے میڈیا کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان چیسٹ پین یونٹس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ امراضِ قلب کے مریض اس بالکل مفت سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

تازہ ترین