• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ


پاکستان نے امریکی صدر کی جانب سے کشمیر کے معاملے میں پاک بھارت ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان دفاعی تعاون پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم، بھارت میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر انتہائی پسندوں کے حملوں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت اور کورونا وائرس پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دو روزہ دورہ کیا، اور بھارت میں ٹرمپ نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر بات کی اور ثالثی سے متعلق بیان دیا جسے ہم نے دیکھا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امریکی صدر کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل سے خطے میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔

ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی تعاون پر پاکستان کو شدید تحفظات ہیں۔

بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر تشویش

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 207 روز گزر چکے ہیں، وہاں کشمیری عوام کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کیا جارہا ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں بھارتی افواج نے 3 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے متنازع شہریت قانون اور پرامن مظاہرے کرنے والے مسلمانوں کے خلاف فورسز کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پرتشدد کارروائیاں مقبوضہ کشمیر سے شروع ہونے کے بعد اب دہلی تک پہنچ چکی ہیں۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ مسلمانوں کے گھروں، مساجد اور املاک کے نقصان پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایچ سی آر نے بھارت سے مسلمان اقلیت کو محفوظ رکھنے کی درخواست کی ہے۔

عائشہ فاروقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی امیدواران نے بھی بھارت میں جاری مظالم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی افواج کو خراج تحسین

ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی 26 اور 27 فروری کی کارروائی کا ذکر بھی کیا اور پاک سر زمین کا دفاع کرنے والے سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھارتی جارحیت کا ایک سال مکمل ہو چکا ہے، کل ہم نے پاک افواج کے ذمہ دارانہ جواب کے دن کو منایا۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ ہم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ افواج پاکستان، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

امریکا طالبان معاہدے کا خیرمقدم

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے قطرے میں امریکا اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کو سراہا ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ 29 فروری کو امریکا اور طالبان کے درمیان ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط ہوں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیراعظم کا دورہ قطر

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورے کے دوران قطری امیر شیخ تمیم بن حماد سے ملاقات بھی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی امور پر بات چیت ہوگی۔

پاکستان مستحکم افغانستان کا خواہاں

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی قیادت نے افغان مذاکرات میں بارہا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ افغان اسٹیک ہولڈرز اس اہم موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم مستحکم اور خوشحال افغانستان دیکھنے کے خواہشمند ہیں اور یہاں امن کی خواہش پاکستان سے زیادہ کسی کو نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 4 دہائیوں سے زائد عرصہ افغان گزینوں کو چھت فراہم کی اور اس دوران پاکستان نے مختلف اوقات پر قیمت بھی ادا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریاستی دہشتگردی کا شکار رہا ہے، کلبھوشن یادیو ریاستی دہشتگردی کی عمدہ مثال ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے خلاف کام کررہا ہے تو اس پر تعجب نہیں ہونا چاہیے۔

کورونا کے خلاف ایرانی کوششوں کو سراہتے ہیں

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق حکومت پاکستان، ایرانی حکومت سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف ایرانی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

پاکستانی اقدامات سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مشہد اور زاہدان میں ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو ہدایات بھی دی جاچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر صحت نے تفتان سرحد کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا ہے جبکہ ایران کے فلائٹ آپریشن کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

چین نے کورونا کی روک تھام کیلئے مثالی اقدامات کیے

ترجمان دفتر خارجہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے چینی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ بیجنگ نے اس وبا کو روکنے کے لیے مثالی اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتخانے کی دو رکنی ٹیم مستقل طور پر چین کے شہر ووہان میں موجود ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بہتری کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔

چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کاتعین جاری ہے۔

تازہ ترین