• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز نے یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سنسنی خیز مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ ان کی امیدوں کے مطابق ہی رہا کیونکہ 11 کے مجموعے پر لیوک رونکی اتنے ہی رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

وکٹ پر موجود کولن منرو نے لاٹھی چارج شروع کیا اور برق رفتاری سے رنز بٹورنا شروع کردیے۔

وکٹ کی دوسری طرف 36 کے مجموعے پر ڈیوڈ ملان کو بھی نسیم شاہ نے بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو ایک اور کامیابی دلوائی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایک اور اسپیڈ اسٹار کولن منرو کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ جب 56 کے مجموعے پر 3 اہم وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی تو ایک مرتبہ پھر کپتان شاداب خان سامنے آئے اور ان کا ساتھ دیا کولن انگرم نے۔

شاداب خان نے 25 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 39 رنز کی اننگز کھیل کر بڑا شاٹ لگاتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

یونائیٹڈ کی ایک جانب وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری تھا لیکن دوسری جانب کولن انگرام نے اپنی روایتی انداز میں بیٹنگ جاری رکھی۔

انہوں نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 187 کے مجموعے تک پہنچادیا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز 2، 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن تو اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن جیسن رائے نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کی راہ پر ڈالا۔

احمد شہزاد 12 اور اعظم خان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے لیکن کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے رن ریٹ کو برقرار رکھا اور ٹیم کو دباؤ میں آنے نہیں دیا۔

سرفراز احمد 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن بین کٹنگ نے اختتامی لمحات میں 17 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح یاب کروایا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف اور سیفی عبداللّٰہ 2، 2 وکٹیں لے کر کامیاب رہے۔

بین کٹنگ کو میچ گر اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تازہ ترین