پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے اعلان کیا ہے کہ 19 مارچ کو پاکستان میں پہلی باکسنگ لیگ منعقد کرنے جا رہے ہیں جس میں ٹکٹ فری ہوں گے۔
پاکستانی نژاد باکسر عامر خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ باکسنگ لیگ کے ذریعے لوگوں کو بھرپور تفریح کا موقع فراہم کریں گے، ہر 2، 3 ماہ بعد پاکستان میں باکسنگ کے ایونٹ منعقد کریں گے۔
پی ایس ایل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بہت بڑا کرکٹ کا مداح ہوں اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگ کو سپورٹ کروں گا۔
انہوں نے بین الاقوامی کرکٹرز کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان آج صبح اسلام آباد پہنچے ہیں، عامر خان پریس کانفرنس کے بعد آج ہونے والاپی ایس ایل کا میچ دیکھنے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم بھی جائیں گے۔