جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کیے گئے ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری، نوازشریف، یوسف رضا گیلانی سمیت 5 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ نیب ریفرنس میں خواجہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید بھی بطور ملزم نامزد ہیں۔
نیب کی جانب سے دائر کیے گئے ریفرنس کے مطابق آصف زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ سے تحفہ میں ملنے والی گاڑیاں حاصل کیں۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ گاڑیاں اصل قیمت کے بجائے 15 فیصد ادائیگی کر کے حاصل کی گئیں۔
نیب ریفرنس کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری اور نواز شریف کو فائدہ پہنچایا۔
ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کو بطورصدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں ، آصف زرداری نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔
نیب میں ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے متعلق کہا گیا ہے کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے ، نوازشریف کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی تھی۔
ریفرنس کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں اور ریفرنس میں نامزد ملزمان کا قانون کے مطابق ٹرائل کر کے سخت سزا سنائی جائے۔