• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باغبانی یعنی گارڈننگ کا مطلب تو باغیچے کے لیے مختص کی گئی جگہ پر گھاس اُگانا اور پودے لگانا ہوتا ہے۔ تاہم اگر بات کریں باغیچے کی تزئین یعنی گارڈن لینڈ اسکیپنگ کی تو یہ صرف باغبانی کی حد تک محدود نہیں رہتی۔ اس عمل میں آپ گھر میں باغبانی کے لیے جگہ مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ راہداریوں اور چڑھائی (ایلیویشن) کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے فواروں کی تنصیب، روشنی کا انتظام اور دیگر کئی طور طریقے اپناتے ہیں۔

باغیچے کی تزئین کا رجحان

گھر میں باغیچے کی تزئین کا رجحان تیزی سے مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ آپ ہر دوسرے گھر میں اس کی مثال دیکھ سکتے ہیں۔ مختلف وجوہات کی بنا پر لوگ اس رجحان کو اپنانے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ ظاہر ہے کہ زمین کی تزئین کے اپنے فوائد ہیں جس کی وجہ سے اس سے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ آپ جس قدر اپنے باغ کو سجائیں گے، دیکھنے والوں کو وہ اتنا ہی خوشگوار لگے گا۔ یہ نظارہ آپ کو سکون کا احساس دلائے گا اور آپ گھر میں گزارے جانے والے وقت سے لطف اندوز ہوں گے۔

ایک منفرد اور خوشگوار نظارہ فراہم کرنے کے علاوہ باغیچے کی تزئین کے بہت سے دیگر معاشرتی ، عملی اور مالی فوائد ہیں۔ اس کے ذریعے باغیچہ آپ کے گھر کے بہترین حصے میں تبدیل ہوسکتا ہے اور جتنی رقم آپ باغیچے کی تزئین پر خرچ کرتے ہیں، اس سے آپ کے گھر کی قدر و قیمت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ یہ آپ کے بچوں کی تفریحی سرگرمیوں کے لیے بھی ایک اچھی جگہ ثابت ہوسکتی ہے۔

سبزہ زار کو ترجیح دیں

باغیچے کی تزئین میں سب سے پہلے سبزہ زار (Lawn) پر توجہ مرکوز کریں۔ جب آپ کا لان صاف ستھرا، سبز اور ہریالی لیے ہوگا تو یہ آپ کے گھر کے بیرونی حصے کو متاثرکن بنادے گا۔ گھاس کی کٹائی یا تراش خراش وقتاً فوقتاً کرتے رہیں لیکن ایک وقت میں ایک تہائی سے زیادہ گھاس مت کاٹیں کیونکہ اس سے گھاس کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ گھاس کاٹتے وقت کونوں کی کٹائی پر خصوصی توجہ دیا کریں۔ اس کے علاوہ سال میں ایک دو بار گھاس میں کھاد ڈالا کریں اور جب بھی ضرورت محسوس ہو، اسے پانی دیا کریں۔

افادیت

گھر کے بیرونی حصوں میں کئی ایک ایسے پہلو ہوسکتے ہیں، جو آپ کو ایک آنکھ نہیں بھاتے۔ ایسے میں اگر آپ گھر کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ایسی چیزیں یقیناً خریدار کی دلچسپی کو بھی ماند کرسکتی ہیں۔ اگر صحن میں پرائیویسی کا خیال نہیں رکھا گیا اور آس پڑوس میں رہنے والوں کی آتے جاتے آپ کے صحن پر نظر پرتی ہے یا پھر سڑک کے قریب ہونے کے باعث آپ کے گھر میں ہر وقت گاڑیوں کا شور شرابہ سنائی دیتا ہے تو ان مسائل کا حل یہ ہے کہ آپ گھر میں زیادہ سے زیادہ پودے اور درخت اُگائیں، جو نہ صرف آپ کوپرائیویسی فراہم کرسکتے ہیں بلکہ گاڑیوں کے شور شرابے کو بھی گھر میں آنے سے روک سکتے ہیں۔

راہداری اور لائٹنگ

ہر شخص یہی چاہتا ہے کہ گھرمیں پیدل چلنے کا راستہ خوبصورت، آرام دہ، سہل اور آنکھوں کو بھانے والا ہو۔ گھر کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے لوگ خاص طور پر ان چیزوں کو مدنظر رکھتے ہیں۔ باغیچے کی تزئین کے ذریعے پیدل چلنے والے رستوں کو اس طرح ڈیزائن کریں کہ وہ نہ صرف صاف نظر آئیں بلکہ چلنے پھرنے میں بھی سہل ہوں۔ اس کے علاوہ لائٹنگ پر بھی خاص دھیان دیں کیونکہ رات کے وقت اندھیرے کے باعث کوئی چلتے پھرتے ٹھوکر کھاکر گِر سکتا ہے۔

باڑ لگائیں یا مرمت کریں

باغیچے کی تزئین میں باڑ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ باڑ آپ کے گھر کی حدود کو پڑوسی کے گھر اور سڑک سے علیحدہ کرتی ہے۔ اس سے آپ کے گھر کی پرائیویسی بڑھ جاتی ہے۔ جس گھر میں چھوٹے بچے ہوں یا انھوں نے پالتو جانور رکھے ہوں، وہاں کے لیے بھی باڑ کی افادیت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ باڑ کو خوبصورت بنانا اور اسے نئی حالت میں رکھنا آپ کے ذوق اور مزاج کی ترجمانی کرتا ہے، اس لیے جب کبھی باڑ کا رنگ خراب ہونے لگے یا دھوپ کی وجہ سے اُڑ جائے تو جلد ہی نیا رنگ کرلیا کریں یا ضرورت ہو تو اس کی جگہ نئی باڑ لگالیں۔

ماہرین کی خدمات

ظاہر ہے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا آپ کے بجٹ پر ایک اضافی دباؤ ہوگا لیکن اگر بجٹ اجازت دے تو آپ کسی پروفیشنل گارڈن لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کریں، جو آپ کے گھر کے بیرونی حصے کی صورت تبدیل کرکے رکھ دے گا۔ یقیناً، یہ بات طویل مدت میں آپ کے حق میں جائے گی اور آپ کے گھر کی قدر و قیمت میں اضافے کا باعث بھی بنے گی۔ یہاں تک کہ خوبصورت گارڈن لینڈاسکیپنگ سے مزین گھر بہتر کرایہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہتے ہیں۔

تازہ ترین