امریکا سے تعلق رکھنے والے معروف وی لاگر ڈاکٹر ڈسٹن فنڈ ہیلر نے اپنی نئی ویڈیو میں انتہائی دلچسپ انداز میں پاکستان کا لازماً دورہ کرنے کی 10 وجوہات بیان کردیں۔
06 منٹ اور 55 سیکنڈ کے دورانیے پر مشتمل ویڈیو بعنوان ’10 وجوہات کہ آپ کو پاکستا ن کیوں جانا چاہئے؟‘میں وی لاگر نے پاکستان آنے والے سیاحوں کو معروف جگہیں، پُرکشش مقامات سمیت دیگر پیش آنے والے مسائل کو 10 نکات میں پیش کرکے یہاں آنے والوں کی رہنمائی کی ہے اور پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کیا ہے۔
وی لاگر ڈاکٹر ڈسٹن فنڈ ہیلر کے مطابق انہوں نے یہ ویڈیو غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان آنے کی ترغیب دینے کے لیے بنائی ہے۔
وی لاگر ڈسٹن فنڈ ہیلر نے ویڈیو کے آغاز میں کہا کہ پاکستان کا نام آتے ہی دماغ میں دہشت گردی جیسے الفاظ رونما ہوجاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے یہ سچائی نہیں ہے بلکہ پاکستان میں روزانہ متعدد لوگ سیاحت کی غرض سے آتے ہیں۔
انہوں نے وجوہات کو نمبر 10 سے ایک تک گننا شروع کیا جس کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔
نمبر 10: سستی اور کم قیمت اشیاء
غیر ملکی وی لاگر کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی سستا ہے، یہاں کی ٹرانسپورٹ، لوکل کھانے پینے کی اشیاء سمیت دیگر چیزیں بہت کم قیمت پر ہیں۔
یہاں وہ پاکستانیوں کی جانب سے غیر ملکیوں کی مہمان نوازی کا تذکرہ کرنا نہ بُھولے، پاکستانیوں کا مہمانوں کے لیے جوش و جذبہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ خود سے کچھ خریدنا چاہیں تو یہاں کے لوگ آپ کو پیسے دینے نہیں دیتے، اپنی جیب سے ایک غیر ملکی کے لیے خرچ کرتے ہیں۔
پاکستان میں وی لاگر سمیت اُن کے دوستوں کے ساتھ پیش آنے والا ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک ریسٹورینٹ میں کھانے کے لیے گئے جہاں میرے دوستوں نے مجھ سے کوئی پیسے نہیں لیے، مزے کی بات یہ ہےکہ ریسٹورنٹ نے بِل لینے سے بھی انکار کردیا کہ غیر ملکی اُن کے مہمان ہیں ۔
پاکستان کی محبت میں گرفتار وی لاگر نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے دورے کے دوران انہوں نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا بلکہ ان کا دورہ پاکستان بلکل مفت تھا۔
نمبر 09: پاکستان انتہائی خوبصورت ہے
پاکستان آنے کی وجہ میں غیر ملکی وی لاگر نے پاکستان کے حسین مناظرکو سراہا۔
نمبر 08: انگریزی بولی اور سمجھی جاتی ہے
کسی دوسرے ملک میں آپ کی زبان سمجھنے اور بولنے والا مل جائےتو یہ کسی نعمت سے کم نہیں تاہم ڈسٹن فنڈ ہیلر نے پاکستان میں انگریزی بولنے اور سمجھنے والوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس سہولت کی بدولت انہیں ملک گھومنے میں کافی آسانی رہی۔
نمبر 07:لوکل مارکیٹ
ڈسٹن فنڈ ہیلر نے کہا کہ امریکا میں لوگوں کے پاس فارغ اوقات میں ٹی وی دیکھنے کے سوا کوئی مشغلہ نہیں ہوتا لیکن پاکستان کی لوکل مارکیٹس میں شام کو ایک میلہ لگا ہوتا ہے، یہاں آکر بہت کچھ دریافت کیا جا سکتا ہے۔
نمبر 06: زیادہ سیاح نہیں ہوتے
ڈسٹن فنڈ ہیلر نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے مشہور مقامات پر سیاحوں کا رش نہیں ہوتا جس کی وجہ سے آپ اس جگہ کو صحیح طرح انجوائے کر سکتے ہیں ۔
ملتان کے شاہ رکن عالم کے مزار کے باہر کھڑے ڈسٹن فنڈ ہیلر نے بتایا کہ ملتان کا شمار پاکستان کے قدیم شہروں میں ہوتا ہے، یہاں دنیا کے جانے مانے صوفی بزرگوں کے مزار موجود ہیں لیکن اگر آپ غور کریں تو یہاں واحد سیاح میں ہی ہوں۔
نمبر 05: مشہور مقامات
انہوں نے شاہی قلعہ ، واہگہ بارڈر سمیت دیگر معروف مقامات کا بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئیں تو مذکور ہ مقامات ضرور جائیں۔
نمبر 04: پاکستانیوں کا دوستانہ رویہ
پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو سراہنے کے بعد وہ یہاں کے لوگوں کے دوستانہ رویے کا تذکرہ کرنا نہ بھولے۔انہوں نے بتایا کہ میں جب بھی پاکستان آیا ہوں عام عوام نے میرا پُرجوش خیر مقدم کیا اور اپنے گھر ٹھہرنے کی دعوت بھی دی۔
انہوں نے بتایا کہ انجان لوگوں کی جانب سے ایسا رویہ آپ کو صرف پاکستان میں ہی دیکھنے کو ملے گا۔
نمبر 03: پاکستان کے کھانے
پاکستان کےکھانوں کو ڈسٹن فنڈ ہیلر نے تیسرا وجہ قرار دیا اور لکھا کہ یہا ں ہر وقت کھانے کے لیے کچھ نا کچھ پیش کیا جاتا رہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ جن یہاں تھے تو انہوں ے یہاں کے لوکل گول گپے، چاٹ ، چپلی کباب ، پلاؤ کے خوب مزے اڑائے ،
نمبر 02: ایڈوینچر
پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اور اپنا تجربہ شیئر کرنے کے لیے بنائے گئے وی لاگ میں ڈاکٹر ڈسٹن فنڈ ہیلر کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی فطرت میں مہم جوئی کا عنصر موجود ہے تو پاکستان کا ٹوور آپ کے لیے سب سے بہترین ہے۔
پاکستان میں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں جا کر ایڈونچر کے شوقین افراد اپنا وہ شوق پورا کرسکتے ہیں جو دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں ہوسکتا۔
نمبر 01: دقیانوسی خیال کو ختم کرنا
غیر ملکی وی لاگر نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بنانے والی ویڈیو میں پاکستان کے حوالے سے عالمی اسٹیریوٹائپ یعنی دقیانوسی خیال کو بنمبر ایک پوزیشن پر رکھا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا میں پیدا ہونے اور پھر وہیں پرورش پانے والوں کے دل و دماغ میں پاکستان مخالف جذبات ہیں، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان دہشت گردوں کی سرزمین ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب فالتو باتیں ہیں، میں نے پاکستان کے مثبت پہلو میں اپنی سوچ سے بھی بڑھ کر پایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ سیاحت کی غرض سے پاکستان جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ضرور جائیں، آپ کے پاکستان کے بارے میں خیالات یکسر مختلف ہوں گے۔
وی لاگ کے آخر میں انہوں نے اعداد و شمار کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ حالیہ رپورٹس پر نظر دوڑائیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ امریکا پاکستان سے زیادہ خطرناک ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلے وہ لاگر نہیں جو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں بلکہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والےمعروف وی لاگر خالد العامری، ٹریویل وی لاگر ایوا زوبیک، معروف یوٹیوبر کارل راک، اُن کی اہلیہ اور بھارتی وی لاگر منیشا، لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی ٹریول وی لاگر ایلین تامیر بھی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے وی لاگز شیئر کرتے رہے ہیں۔
وی لاگرڈسٹن فنڈ ہیلر کون ہیں؟
امریکا سے تعلق رکھنے والے معروف وی لاگر ڈسٹن فنڈ ہیلر ڈینٹل سرجن ہیں جو دنیا گھومنے کا شوق رکھتے ہیں ۔
ڈسٹن فنڈ ہیلر دنیا کے 236 ممالک کا بغیر کسی اسپانسر کے دورہ کرچکے ہیں۔
مخلتف ممالک میں بنائے گئے وی لاگز کو وہ اپنے یوٹیوب چینل، فیس بُک و انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہیں۔
دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے والے وی لاگر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سبسکرائیبر اور فالورز کی بڑی تعداد ہے۔