لاہور(ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ڈیل کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ‘اس ڈیل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا اور نہ ہی اپوزیشن سے شیئر کیا گیا‘ یہ سلیکٹڈ کا معاہدہ ہے جس کو ہم نہیں مانتے ‘مشرف جیسا ڈکٹیٹر ادارے نہیں بیچ سکا تھا تو ان کی کیا حیثیت ہے۔
کٹھ پتلی حکومت کو ملکی ادارے نہیں بیچنے دیں گے ‘امید ہے آزاد عدلیہ بھی نجکاری کا عمل روکے گی‘مزدوروں کو لڑا کر بزنس مینوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی اور ن لیگ کی بڑے بڑے صنعتکاروں اور زمینداروں کو مزید امیر کر کے معیشت کو مضبوط کرنے کی پالیسی ہے جو ناکام ہے‘پیپلز پارٹی مزدوروں کے لئے نئی لیبر پالیسی بنائے گی ، انہیں دوبارہ ریاستی اداروں میں حصہ دار بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں لیبر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر میں مزدوروں نے سی بی اے کا جو حق حاصل کیا اس پر حملے ہو رہے ہیں ، یورپ میں فاشزم عروج پر ہے وہاں بھی مزدوروں کی بجائے کیپٹلزم کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے،اس سازش کا مقابلہ کرنے کے لئے ہم سب کو متحد ہونا ہو گا۔