مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں، ملک کے نظام کو درست کرنا ہے، آیندہ الیکشن مسلم لیگ جیت کر رہے گی۔
دو روزہ دورے پر کراچی میں آئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ن لیگ کے دور میں ملک میں منہگائی نہیں تھی، 2018 میں کراچی روشنیوں کا شہر تھا، امن قائم تھا، آٹا 70، چینی 90 روپے کلو ہوچکی ہے، آج عوام منہگائی کی چکی میں پِس رہے ہیں۔
شاہدخاقان عباسی نے وزیر اعظم عمران خان اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اتنی منہگائی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، منہگائی کے ذمےدار عمران خان ہیں، وہ جواب دیں، ملک میں جوحالات ہیں، وہ معمولی بات نہیں۔
شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ آج قائداعظم کے پاکستان میں جمہوریت نہیں آمریت ہے، ہمیں اس آمریت کا مقابلہ کرنا ہے ۔
شاہدخاقان عباسی نے مزید کہا کہ موجودہ نظام میں ملک درست نہیں ہوسکتا، ہم نے 2018 میں بھی کہا تھا کہ الیکشن متنازع ہیں، پاکستان کو اندرونی خطرات کا سامنا ہے، پاکستان میں جو اندرونی خطرات پیدا کیے گئے ہیں وہ ہمارے وجود کے لیے بھی خطرہ ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے برطانیہ کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق لکھے گئے خط پر کہا کہ وفاقی حکومت کےخط کی حیثیت ردی کےکاغذ سےزیادہ نہیں۔
شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم اقتدارکےطالب نہیں، ملک کی ترقی چاہتےہیں، پیپلزپارٹی کواپنی سیاست کرنی ہے، ہمیں اپنی، سب کا مقصد ایک ہے کہ ملک ترقی کرے۔