سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث حرم شریف میں طواف کا سلسلہ عارضی طور پر رُک گیا۔
کورونا وائرس کے پیشِ نظر سعودی شہریوں پر عمرہ کرنے پر لگائی گئی پابندی کے بعد تازہ ترین خبر یہ ہے کہ عمرہ زائرین کو بالائی منزلوں پر منتقل کرکے مطاف خالی کروالیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں حرم کے صحن میں طواف رُک گیا تاہم بالائی منزلوں پر طواف جاری ہے۔
حرمین شریفین پریزیڈنسی کے مطابق 1979 میں حرم شریف پر قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طواف کا عمل روکا گیا ہے۔
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بھی عمرہ ادا کرنے اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت پر پابندی عائد کردی تھی۔