پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی نے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شکست کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بارش سے متاثرہ اس میچ کو 15 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ تھا اور امام الحق صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب کامران اکمل نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا لیکن وہ بھی 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
نوجوان حیدر علی اور تجربہ کار شعیب ملک کی جوڑی نے زلمی کو راحت بخشی اور 54 رنز کے پارٹنرشپ بنائی۔
حیدر علی 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن شعیب ملک کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے 200 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اپنی نصف سنچری اسکور کی، لیکن 54 کے مجموعے پر محمد حسنین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
لوئس گریگوری کے 2 اور حسن علی کے ایک چھکے کی بدولت مقررہ 15 اوورز میں پشاور زلمی کی ٹیم 170 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی بہترین آغاز کیا، جیسن رائے اور شین واٹسن اننگز کو مطلوبہ رن اوسط کے ساتھ آگے بڑھاتے رہے۔
تاہم 45 کے مجموعے پر شین واٹسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کی اسکور بنانے کی رفتار میں کمی آئی۔
جیسن رائے نے ایک جانب تو رنز بنانے کی رفتار کو جاری رکھا لیکن 8 ویں اوور میں وہ بھی 45 رنز بنانے کے بعد 75 کے مجموعے پر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ان کے بعد گلیڈی ایٹرز کا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا اور پوری ٹیم مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا سکی اور اس طرح یہ میچ 30 رنز سے پشاور زلمی کے نام رہا۔
زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
دھواں دھار بیٹنگ کرنے پر شعیب ملک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔