• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس یورپی ملکوں میں تیزی سے پھیلنے لگا

کورونا وائرس یورپی ملکوں میں تیزی سے پھیلنے لگا


کورونا وائرس یورپی ملکوں میں تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ اٹلی میں ایک ہی روز میں 41 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ اٹلی میں کورونا کے مزید 769 مریض بھی متاثر ہوئے ہیں۔

جرمنی میں مزید 252 مریض سامنے آئے، فرانس میں مزید 2 ہلاکتوں کے بعد کورونا وائرس سے ہلاک شہریوں کی تعداد 6 ہو گئی اور برطانیہ میں کورونا سے پہلے مریض کی ہلاکت سامنے آئی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی میں مزید 41 افراد کے کورونا وائرس سے ہلاک ہونے کے بعد یہاں ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 148 ہو گئی جب کہ اب تک اٹلی میں کورونا کے 3 ہزار 858 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

اٹلی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں اسکول اور تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں، اٹلی میں کھیلوں کے تمام مقابلے 3 اپریل تک تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔

دوسری جانب چین میں صورت حال روز بروز بہتری کی جانب مائل ہے، چین میں پچھلے ایک روز کے دوران کورونا کے مزید 160 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 32 افراد ہلاک ہوگئے۔

ادھر جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 6 ہزار 88 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی۔ ایران میں اب تک کورونا کے 3 ہزار 513 مریض سامنے آ چکے ہیں اور ہلاک شدگان کی تعداد 107 تک پہنچ گئی ہے۔

دنیا کے87 ملکوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 97 ہزار 873 ہو گئی، اب تک 54 ہزار 121 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین